27 فروری ، 2025
غریبی کی دنیا سے مالدار ہونے تک بالی وڈ اداکار وکی کوشل نے جو سفر طے کیا اس پر یقیناً کوئی بھی داد دیے بغیر نہیں رہ سکے گا۔
محنت رنگ لاتی ہے اور یہ وکی کوشل کے کیرئیر کو دیکھ کر پتہ چلتا ہے، ملاڑ کی ایک چول میں رہنے والے وکی کی اب کُل مالیت کے بارے میں کوئی اندازہ بھی نہیں لگا سکتا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وکی کوشل نے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کررکھی ہے لیکن ان کا شوق اور جذبہ اداکاری کی طرف تھا، وکی نے اپنے کیرئیر میں کئی چیلنجز کا سامنا کیا لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔
اداکار کی زندگی میں فلم مسان (2015) کے ساتھ سب کچھ بدل گیا، اس فلم میں اداکاری نے وکی کی صلاحیتوں کا پتا دیا جس کے بعد انہوں نے اوڑی اور سردار ادھم جیسی بلاک بسٹر فلموں میں کام کیا اور بالی وڈ انڈسٹری میں اپنی جگہ مستحکم کی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وکی کوشل نے پہلی تنخواہ 1500 روپے وصول کی تھی جو آج کے دور میں کچھ بھی نہیں ہیں۔
اے بی پی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وکی اپنی ایک فلم کے 10 سے 12 کروڑ بھارتی روپے لیتے ہیں اور یہ بھارت کے ان اداکاروں میں شامل ہیں جو سب سے زیادہ فیس وصول کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وکی کوشل کے کل اثاثوں کی مالیت 140 کروڑ بھارتی روپے ہے۔