28 فروری ، 2025
غزہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے لیے فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس اوراسرائیل کے درمیان مذاکرات قاہرہ میں شروع ہو گئے ہیں۔
عرب میڈیا میدیا کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات میں مذاکرات میں اسرائیلی، امریکی اور قطری وفود شریک ہیں، مذاکرات کار معاہدوں پرعمل درآمداور فلسطین میں انسانی امداد کےطریقوں پربات کریں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں غزہ میں موجود بقیہ 59 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی ہوگی جن میں سے 24 کے ابھی تک زندہ ہونے کا اندازہ ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق معاہدے کے دوسرے مرحلے میں اسرائیلی فوج غزہ سے باہر نکل جائے گی اور اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے مزید فلسطینی قیدی بھی رہا ہوں گے۔
قاہرہ میں جاری مذاکرات سے متعلق اپنے بیان میں حماس کے سیاسی بیورو کے عہدیدار باسم نعیم نے کہا کہ غزہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلےکے مذاکرات میں حماس کی شمولیت ضروری ہے اور ہم معاہدے عملدرآمد کے لیے پرعزم ہیں۔
خیال رہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کا پہلا مرحلہ ہفتے کے روز مکمل ہو جائے گا، اس مرحلے میں حماس کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا گیا اور مغویوں کی لاشیں بھی واپس کی گئیں جبکہ اس کے بدلے اسرائیل نے بھی سیکڑوں فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا۔