20 مارچ ، 2013
لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے کاغذات نامزدگی کے لئے 28 اور 31 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے جو کہ انتہائی قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارم طویل ہے جس کے باعث بعض امیدواروں کو اسے پر کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ الطاف حسین کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی جائے تاکہ امیدوار اپنے فارم مقرر ہ تاریخوں تک جمع کراسکیں۔دریں اثنا ء الطاف حسین نے پولیس اوررینجرزکے سربراہان کی جانب سے کراچی کواسلحہ سے پاک کرنے کی مہم کازبردست خیرمقدم کرتے ہوئے اس ضمن میں اپنے ہرممکن تعاون کایقین دلایاہے۔ اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ماضی میں بھی ہرقسم کی دہشت گردی کے خلاف رہی ہے، آج بھی ہے اورمستقبل میں بھی رہے گی، ملک خصوصاًکراچی میں دیرپا امن کے قیام اورعوام کوتحفظ فراہم کرنے کے ہراقدام کوایم کیوایم کامکمل تعاون حاصل ہوگا۔ انہوں نے ایم کیوایم کے کارکنوں سے اپیل کی کہ اگرانکے پاس کسی قسم کاکوئی غیرقانونی اسلحہ ہوتواسے مقامی تھانوں میں جمع کرادیں اورکراچی سے ناجائزاسلحہ کے خاتمہ کیلئے پولیس ورینجرزکے ساتھ مکمل تعاون کریں۔