18 جولائی ، 2013
کراچی …کراچی کی مقامی عدالت نے منگل کے روز گلستان جوہر میں ٹیکسی ڈرائیور پر فائرنگ کرنے والے رینجرز اہلکاروں کو 22 جولائی تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ سٹی کورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ ارم جہانگیر کی عدالت میں ملزم لائس نائیک غلا م رسول کو واردات میں استعمال ہونے والے اسلحے سمیت عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ٹیکسی ڈرائیورکے قتل میں ملوث رینجرز اہلکار وں کو عدالت نے 22 جولائی تک پولیس ریمانڈ پر دے دیا ہے۔ پولیس کے مطابق حراست میں لئے گئے رینجرز اہلکاروں میں سپاہی قدیر،سپاہی وقار،اور لانس نائیک برکت شامل ہیں۔کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں منگل کو تھانے کے قریب افطار سے قبل رینجرز اہلکار وں کی عارضی پکٹ پر موجود اہلکاروں نے ٹیکسی ڈرائیور کو رکنے کا اشارہ کیا ،نہ رکنے پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ٹیکسی ڈرائیور مرید محمد عرف مراد جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ اس کے ساتھ ہی سیٹ پر بیٹھا اس کا ڈیڑھ سالہ بچہ محفوظ رہا۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل رضوان اختر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چاروں رینجرز اہلکاروں کو حراست میں لیتے ہوئے کمپنی کمانڈر کو برطرف کردیا ہے جبکہ تین رینجرز اہلکار کیس میں مفرور ہیں۔