24 جولائی ، 2013
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے صدارتی انتخاب 30 جولائی کو کرانے کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو نظر ثانی شدہ شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق نے صدارتی انتخاب کی تاریخ تبدیل کرانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی ،عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن نظر ثانی شدہ شیڈول جاری کرے جس کے تحت کاغذات نامزدگی 24 جولائی کو جمع اور جانچ پڑتال 26 جولائی کو کی جائے، کاغذات نامزدگی کی واپسی 27 جولائی کو دن بارہ بجے تک ہو گی اور اسی روز شام 5 بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے۔صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 30 جولائی صبح 10 بجے سے دوپہر 3 بجے تک کرائی جائے۔ اس سے پہلے اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے عدالت کو بتایا کہ 30 جولائی کو صدارتی انتخاب کرانے میں کوئی آئینی رکاوٹ نہیں ہے۔صدر کو پارلیمنٹ کے اراکین منتخب کرتے ہیں ،صدارتی انتخاب کیلئے عوامی نمائندگی ایکٹ آڑے نہیں آتا۔الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں موقف اختیار کیا کہ شیڈول تبدیل کرنے بارے غور کیا گیا تاہم عدالت جو بھی حکم دے گی اس پر عمل کیا جائے گا۔