05 اگست ، 2013
ٹوبہ ٹیک سنگھ…ٹوبہ ٹیک سنگھ کے قریب شالیمار ایکسپریس کی بوگی میں بم دھماکے سے پندرہ افراد زخمی ہوگئے،تین کی حالت تشویش ناک ، ٹرین چلانے والے نجی ادارے کو بھتہ نہ دینے پر دھمکیاں دی گئی تھیں۔ لاہور سے کراچی آنے والی شالیمار ایکسپریس ٹوبہ ٹیک سنگھ کے قریب چٹنایہ ریلوے اسٹیشن پہنچی تو زردار دھماکا ہوگیا دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے بوگی کی چھت اڑ گئی،اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال ٹوبہ اور فیصل آباد منتقل کیا گیا ،جن میں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے ، وزیرریلوے سعد رفیق کا کہنا واقعے کی تحقیقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں جن کے مطابق دھماکا دیسی ساختہ بم کا تھا جو ٹوائلٹ میں نصب کیا گیا، نجی ٹرین کے کنٹریکٹر کو بھتہ خوروں کی طرف سے دھمکیاں مل رہی تھیں اور اس بارے میں اعلیٰ حکام کو آگاہ بھی کیا گیا تھا، سعد رفیق نے ان اطلاعات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ کنٹریکٹر کو اغواء کی دھمکیاں ملی تھیں تاہم واقعے کے ذمہ داروں کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہے ۔