پاکستان
15 اگست ، 2013

اسلام آباد ڈرامے کا ڈراپ سین :زمرد خان کی کوشش سے ملزم زندہ گرفتار

اسلام آباد ڈرامے کا ڈراپ سین :زمرد خان کی کوشش سے ملزم زندہ گرفتار

اسلام آباد…بالآخر اسلام آباد میں گزشتہ ساڑھے پانچ گھنٹے سے جاری فلم کا ڈراپ سین ہوگیا اور پورے ملک اور اسلام آباد انتظامیہ کو یرغمال بنانے والے مسلح شخص پر پولیس نے قابو پالیا اور اسے زندہ گرفتار کرلیا۔اس موقع پر اسیسابق رکن قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے رہنماء زمرد خان نے پکڑنے کی کوشش کی تو اس نے فائرنگ شروع کردی ۔لیکن پولیس کی ہوائی فائرنگ کے شور نے اسکے اوسان خطا کردیئے اور بزدل شخص صورتحال کو بھانپتے ہوئے زمین پر لیٹ گیا جس پر پولیس اہلکاروں نے اسے نرغے میں لے کر قابو کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنماء زمرد خان نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس شخص کے بچے سے ہاتھ ملانے کی کوشش کے دوران مسلح شخص کو زندہ پکڑنے کی کوشش کی تاہم مسلح شخص نے ان پر فائرنگ کردی لیکن خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے۔ اس موقع پر پولیس نے صورتحال کو موقع غنیمت جان کر ہوائی فائرنگ کرکے اس پر قابو پالیا۔ دریں اثناء زمرد خان کے پرجوش حامی اور موقع پر موجود افراد نے زمرد خان کو انکی ہمت پر کاندھوں پر اٹھالیا۔ زمرد خان کا کہنا ہے کہ انھوں نے تہیہ کرلیا تھا کہ اس شخص کو ضرور پکڑونگا۔مسلح شخص کے بچے اب زمرد خان کی کسٹڈی میں بتائے جاتے ہیں۔ دریں اثناء ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کے مطابق مسلح شخص (سکندر) اور اسکی بیوی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس کارروائی کے دوران ڈی ایس پی عارف حسین سمیت دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔اس سے قبل پولیس نے مسلح شخص کی گاڑی کے گرد ٹینٹ لگادیئے تھے تاکہ رات کسی پہر اقدامات کیے جاسکیں۔

مزید خبریں :