26 اگست ، 2013
اسلام آباد…اسلام آباد فائرنگ واقعے پر ناکامی کا ملبہ پولیس نے میڈیا پر ڈال دیا، آئی جی اسلام آباد کہتے ہیں کہ واقعے میں تاخیر کی ایک وجہ موقع پر میڈیا کی موجودگی تھی۔واقعے سے متعلق رپورٹ میں آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ میڈیا کی موجودگی سے معاملات کے سلجھانے میں مشکلات کا سامنا تھا،ایسی کوریج کے دوران کوئی ضابطہ اخلاق ضرور ہونا چاہیے۔رپورٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ سکندر کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے وہ دبئی میں فنڈریزنگ کرتا تھا،دبئی پولیس نے سکندر کو 98 میں فنڈ ریزنگ پر گرفتار کیا، وہ 3ماہ جیل میں بھی رہا، 2001 میں دوبارہ گرفتار ہوا اور یو اے ای حکام نے ڈی پورٹ کر دیا۔سکندر نام بدل کراور کلین شیو ہوکردوبارہ یو اے ای گیا اور 2010 میں واپس آ گیا۔اس نے 1996 میں 3ماہ آزادکشمیر میں عسکریت پسندی کی تربیت حاصل کی۔