21 ستمبر ، 2013
کراچی … نادرا نے این اے 258 میں انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق الیکشن ٹربیونل کو پیش کردی ، محمد صالح نامی شخص نے 8 ووٹ ڈالے جبکہ 658 وووٹرز نے ایک سے زائد ووٹ کاسٹ کئے۔نمائندہ جیو نیوز جواد شعیب کے مطابق نادرا نے کراچی کے حلقہ این اے 258 میں انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق الیکشن ٹربیونل کو پیش کردی۔ رپورٹ کے مطابق حلقے کے 18 پولنگ اسٹیشنز پر ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد کاوٴنٹر فائل سے کم جبکہ 15 اسٹیشنوں پر کاوٴنٹر فائل سے زائد ہے۔ نادرا نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ کاوٴنٹر فائل نمبر 4680 پر درج شناختی کارڈ نمبر جعلی تھے، ووٹ ڈالنے والے 435 ووٹرز کا تعلق حلقہ این اے 258 سے نہیں تھا، 658 ووٹرز نے ایک سے زائد ووٹ ڈالے۔ رپورٹ کے مطابق محمد صالح نامی ووٹر نے 8 ووٹ ڈالے جبکہ ایک اور مرد ووٹر نے خواتین کے شناختی کارڈ پر کئی ووٹ ڈالے۔ نادرا نے رپورٹ کے ذریعے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ 386 کاوٴنٹر بیلٹ پر انگوٹھے کا نشان نہیں تھا۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق رپورٹ کی کاپیاں فریقین کو فراہم کردی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ 11 مئی 2013ء کے عام انتخابات میں این اے 258 سے مسلم لیگ ن کے عبدالحکیم بلوچ 52,751 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے جبکہ ان کے حریف اور 2008ء میں منتخب ہونے والے پیپلزپارٹی کے شیر محمد بلوچ کو 38,225 ملے تھے۔