22 ستمبر ، 2013
پشاور… کوہاٹی کے آل سینٹ چرچ آف پاکستان میں دو دھماکوں میں 78 افراد جاں بحق اور سو سے زیادہ زخمی ہوگئے۔لیڈی ریڈنگ اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں ہلاک شدگان کی تعداد78 ہوچکی ہے جبکہ 106افراد زخمی ہیں، زخمیوں میں سے کئی کی حالت ابھی بھی نازک ہے، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ خیبر پختونخواہ حکومت اور مسیحی برادری نے تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ خان رازق شہید میں نامعلوم شرپسندوں کے خلاف درج کرلیاگیا ہے۔پشاور میں آج کوہاٹی کے آل سینٹ چرچ آف پاکستان میں اُس وقت دو خودکش دھماکے کئے گئے جب لوگ عباد ت کرکے چرچ سے نکل رہے تھے۔دھماکے کے بعد چرچ کے باہر قیامت صغریٰ پھیل گئے اور ہرطرف لاشیں اورجاں بحق ہونے والے کے اعضا پھیل گئے۔لوگوں نے ابتدائی طور پر اپنی مدد آپ کے تحت امداد کاموں کا آغازکیا لیکن کچھ دیر بعد فلاحی ایمبولینس سروسز والے بھی پہنچ گئے اور لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کرنا شروع کیا، دھماکوں کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذکردی گئی۔سیکیورٹی اداروں نے خودکش حملہ آورکے جسمانی اعضاء تحقیقاتی ٹیموں نے قبضے میں لے لئے ہیں جبکہ مزید شواہد کے لئے بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکے کی جگہ پر شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں۔