02 اکتوبر ، 2013
گیاری…آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ مادروطن کے دفاع میں جان کانذرانہ دینے والوں کو فراموش نہیں کریں گے، شہدائے گیاری کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گیاری سیکٹر کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتاہوں ،ایک سال قبل سانحہ گیاری سیکٹرمیں 140 فوجی جانباز شہید ہوئے، ماہرین نے ہمیں گیاری کو اجتماعی قبرقراردینے کی سفارش کی تھی،ہم نے عہد کیا تھا کہ تمام شہداء کے جسد خاکی تلاش کیے جائیں گے، آرمی چیف جنرل کیانی نے کہا کہ پہاڑوں سے جسد خاکی نکالنا انتہائی مشکل کام تھا،پاک فوج کے جوانوں نے لازوال حوصلے سے تلاش کا کام جاری رکھا،شہداء کے جسد خاکی کی تلاش کے لیے دن رات کام جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے لواحقین کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں،دفاع پاکستان کے مقدس فریضے میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔اس سے قبل آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور سلامی دی ۔تقریب میں سانحہ گیاری سیکٹر کے شہدا کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔گلوکار شہزاد رائے نے شہداء کیلئے خصوصی گیت بھی پیش کیا۔