02 اکتوبر ، 2013
اسلام آباد…قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے حکومت سے کوئی ڈیل نہیں کی اگر ہماری ڈیل ہوتی تو چےئرمین نیب کا تقرر کب کا ہوچکا ہوتا۔وہ وزیراعظم میاں نواز شریف کے ساتھ چےئرمین نیب کے تقرر کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے مثبت بات چیت ہوئی ہے،چےئرمین نیب کیلئے چار ناموں پر غور ہوگا،آج چےئرمین نیب کیلئے دو نئے ناموں پر بھی غور ہوا، چاروں میں سے دونام ریٹائرڈ ججوں اور دوبیوروکریٹس کے ہیں،جسٹس ریٹائرڈ اعجاز چوہدری اور جسٹس ریٹائرڈ میاں اجمل کے علاوہ چوہدری روٴف اور سابق سیکریٹری شوکت درانی کے نئے ناموں پر بھی غور ہوا ہے۔ وزیراعظم آج اپنی ٹیموں سے چاروں ناموں پر مشاورت کریں گے ۔خورشید شاہ نے بتایا کہ وزیراعظم سے کل صبح 11بجے دوبارہ ملاقات ہوگی،امید ہے چاروں ناموں میں سے کوئی ایک فائنل ہوجائے گا۔