11 اپریل ، 2012
ملتان… ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت سی این جی اسٹیشن آج تیسرے روز بھی بند ہیں جس سے سی این جی صارفین اور عام شہری کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ملتان ریجن کے اضلاع خانیوال،مظفرگڑھ،لیہ ،ڈیرہ غازی خان،وہاڑی اور ملتان کے 200 سے زائد سی این جی اسٹیشنز جو پیر کی صبح 6 بجے بند ہوئے تھے جو بدستور بدھ کے روز بھی بند ہیں اور کل صبح 6 بجے کھولے جائیں گے۔ سی این جی اسٹیشنز بند ہونے سے جہاں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہیں پبلک ٹرانسپورٹ مالکان نے سی این جی کی بندش کے باعث کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے جس سے عوام کی جیب پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔