پاکستان
11 اپریل ، 2012

گیاری سیکٹر میں دبے جوانوں کو نکالنے کیلئے دن رات آپریشن جاری

گیاری سیکٹر میں دبے جوانوں کو نکالنے کیلئے دن رات آپریشن جاری

اسکردو… گیاری سیکٹر میں سات اپریل کو تودے تلے دبنے والے پاک فوج کے ایک سو انتالیس جوانوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں لیکن موسم کی سختیاں اب بھی جاری ہیں گیاری سیکٹر میں برف باری کی وجہ سے گرنے والا تودہ ایک کلو میٹر چوڑا اور سو فٹ بلند تھا اور اس کے ملبے تلے دبنے والے پاک فوج کے 139جوان مدد کے انتظار میں ہیں۔ پاک فوج کی کوششیں جاری ہیں، لیکن موسم بہت بے رحم ،452ریسکیو ورکرز برف توڑ کر اپنے ساتھیوں کو تلاش کر رہے ہیں ،مشینری کا استعمال بھی ہورہا ہے جس میں دو ڈوزر،2 ارتھ موورز،3 برف اٹھانے والی مشینیں اور2 ڈمپر اور زندگی بتانے والے آلات اور تھرمل امیجنگ کیمروں کی مدد بھی لی گئی ہے لیکن اب تک کوئی سراغ نہ مل سکا۔ امدادی آپریشن میں پاک فضائیہ بھی پیچھے نہیں 139فوجی جوانوں کا سراغ لگانے کے لئے پانچ ہیلی کاپٹرز بھی استعمال کیے جارہے ہیں ۔ موسم کی سختی الگ ان کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے لیکن پھر بھی پاک فوج کے جوانوں نے چالیس فٹ تک برف ہٹا کر یہ ثابت کردیا ہے کہ ان کا حوصلہ بلند اور ہمتیں جوان ہیں۔ ریسکیو ورکرز نے اب تک تیس فٹ چوڑی اور دس فٹ گہری جگہ کو کلیئر کردیا ہے ۔ امدادی کاموں میں حصہ لینے کے لیے امریکا ، جرمنی اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیمیں اسلام آباد پہنچ گئی ہیں لیکن اسکردو کے خراب موسم کی وجہ سے یہ ٹیمیں روانہ نہ ہوسکیں ۔ متاثرہ حصے کی سیٹلا ئٹ تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں ۔

مزید خبریں :