11 نومبر ، 2014
کراچی.......متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پر خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے تھر کے قحط سے متاثرہ عوام کی امداد کیلئے کراچی میں مرکزی تھر ریلیف کیمپ قائم کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے وفد نے ریلیف کیمپ کا دورہ کیا وفد میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ز ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، ڈاکٹر نصرت شوکت اور اراکین رابطہ کمیٹی محمد واسع جلیل ، سید حیدر عباس رضوی شامل تھے ۔ وفد نے مرکزی امدادی کیمپ پر موجود سامان کا معائنہ کیا اور رضا کاران سے گفتگو کرکے انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ۔اس موقع پرڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نےکہا کہ الطاف حسین نے ایم کیوایم کے قیام سے قبل خدمت خلق کمیٹی کی بنیاد رکھی تھی جس کا اولین مقصد انسانیت کی فلاح و بہبود کرنا تھا اور آج بھی خدمت خلق فاؤنڈیشن ملک بھر میں قائم اپنی شاخوں کے ذریعےالطاف حسین کا پیغام خدمت بلا امتیاز رنگ ، نسل ، علاقہ و مذہب پہنچا رہی ہے اور ملک میں کسی بھی ناگہانی آفت یا مصیبت کے موقع پر کے کے ایف کے رضا کاران اپنے ہم وطنوں کی خدمت کیلئے پیش پیش ہوتے ہیں ۔ انہوں نے امدادی کاموں میں مصروف رضا کاران کو مخاطب کرکے کہاکہ وہ تھر میں قحط سے متاثرہ معصوم بچوں ، بہنوں ، بیٹیوں، بزرگوں اور مرد و خواتین کی خدمت کرکے نا صرف اپنا اخلاقی فریضہ ادا کر رہے ہیں بلکہ انکا یہ عمل اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا بھی ایک آسان ذریعہ ہے ۔ اس موقع پر خالد مقبول صدیقی نے انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے پر امدادی عملے کے عہدیداران اور عملے کو الطاف حسین کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا۔دریں اثنا متحد ہ قومی موومنٹ اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کی تھر کے قحط سالی سے متاثرہ مظلوم عوام کی امداد کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس سلسلے میں منگل کو امدادی سرگرمیوں کے تیسرے روزخدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے تھر کے تعلقہ چھاچھرو اور مٹھی میں میڈیکل کیمپ اور امدادی کیمپ قائم کئے گئے جہاں خدمت خلق فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر ز و پیرا میڈیکل اسٹاف کی جانب سے قحط کے سبب مختلف امراض کا شکار سینکڑوں معصوم بچوں ، خواتین ، بزرگوں کا مفت طبی معائنہ کرکے انہیں ادویات فراہم کی گئیں اور وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے ضروری مشورے فراہم کئے گئے جبکہ امدادی کیمپ پر آنیوالے بھوک و افلاس کا شکار درجنوں مستحق خاندانوں میں اجناس بیگ، خشک دودھ ، پینے کا صاف پانی ،واٹر کولر و ضروریات زندگی کی دیگر اشیاء تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی و حق پرست ارکان اسمبلی کے مشترکہ وفد نے میڈیکل و امدادی کیمپس کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر اراکین رابطہ کمیٹی عبد الحسیب ، اشفاق احمد منگی ، افتخار اکبر رندھا وا، وسیم اختر ،معاون غازی صلاح الدین ،حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سنجے پروانی،ڈاکٹر ظفر کمالی ،راشد خلجی ، صابر قائم خانی ، پنجو مل بھیل ،ڈاکٹر نگہت شکیل ،ڈاکٹر فوزیہ حمید،اور ایم کیو ایم کے مختلف مرکزی شعبہ جات کی خواتین و مرد کارکنان وفد میں شامل تھے۔علاوہ ازیں رابطہ کمیٹی کے معاون وسیم اختر نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے ایم کیوایم کی جانب سے تھر کے قحط متاثرین کیلئے جاری طبی و امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے ، اب روزانہ کی بنیاد پر خدمت خلق فائونڈیشن کے طبی وامدادی کیمپ تھر کے مختلف تعلقوں میں قائم کئے جائیں گے اور متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان میں غذائی اجناس اور امدادی سامان تقسیم کیاجاتا رہے گا ۔ان خیالات کااظہار انہوںنے تھر کے قحط سالی سے متاثرہ افراد کی امدادی سرگرمیوں کے تیسرے روز چھاچھرو میں قائم کئے گئے طبی و امدادی کیمپ پر میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔