27 نومبر ، 2014
لاہور......پنجاب کےوزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کاکہناہے کہ ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کا عزم کررکھا ہے ، بیرونی سرمایہ کارو ں کو بھی سازگار ماحول فراہم کیاجارہا ہے۔لاہور میں چینی سرمایہ کاروں کےایک وفد نے وزیر اعلی ٰ پنجاب سے ملاقات کی ۔ وزیر اعلی ٰ کا کہناتھاکہ حکومت نےلاہور سمیت بڑے شہروں میں صفائی کا جدید نظام متعارف کرادیا ہے، سالڈ ویسٹ کے شعبے میں چینی سرمایہ کاروں کی اظہار دلچسپی خوش آئند ہے ۔وزیر اعلی پنجاب سے سابق صدر رفیق تارڑ ،وزیر مملکت برائےمذہبی امور پیر امین الاحسنات اوردیگر شخصیات نے ملاقات کی اورسیلاب زدگان کی امداد کےلیے ڈھائی کروڑ روپے کے چیک پیش کیے ۔ وزیر اعلیٰ کا کہناتھاکہ مخیر حضرات کی جانب سے سیلاب زدگان کی امداد کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی وقومی اسمبلی نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی ، شہبازشریف کا کہناتھاکہ انتشار اور محاذ آرائی کی سیاست نے ملک کی ساکھ کو متاثر کیا ہے ،حکومت ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لئے پرعزم ہے۔