27 نومبر ، 2014
کوئٹہ ......کوئٹہ کے علاقے مینگل آباد میں پولیو ورکرز پر فائرنگ کا مقدمہ درج ہونے کے بعد بلوچستان حکومت نے جاںبحق پولیو ورکز کے ورثا کو فی کس 20لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نےکہا کہ شہیدوں کے خاندانوں کی صوبائی حکومت کفالت کریگی اور شہید ہونے والوں کے ورثاء کو 20, 20لاکھ روپے امداد جبکہ ان کے خاندان کے ایک ایک فرد کو سرکاری ملازمت بھی فراہم کی جائے گی اور زخمیوں کو علاج کی تمام تر بہتر سہولیات کی فراہمی کے اخراجات بھی صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔حفاظتی ٹیکے لگانے والی ٹیم پر حملے سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے والی ٹیم پر حملہ انتہائی انسانیت سوز اور ہمارے بچوں کے مستقبل پر حملہ ہے، بلوچستان مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، ہمیں دہشت گردی ، شدت پسندی، فرقہ واریت، جہالت اور پسماندگی کا سامنا ہے لیکن ہمیں ملکر بلوچستان کو موذی بیماریوں ، پولیو، دہشت گردی، شدت پسندی، جہالت سے نجات اور امن و ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے بتایا کہ ٹیکہ جات کی مہم اسی عزم اور جذبے کے ساتھ جاری رہے گی اورآج بھی معمول کے مطابق مہم چلائی جائے گی اور کوئٹہ میں سیکورٹی کے لیے موثر اور فول پروف اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔