Advertisement

کھیل
time icon 23 فروری ، 2018

پی ایس ایل 3: کراچی کنگز کافاتحانہ آغاز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو 19 رنز سے شکست


دبئی: پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 19 رنز سے شکست دیدی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں کراچی کنگز کی جانب سے دیئے گئے 150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا سکی۔


کراچی کنگز کی جانب سے ٹائمل مل، عماد وسیم اور محمد عرفان جونیئر نے دو، دو جب کہ محمد عامر اور شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلا نقصان 4 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب شین واٹسن ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

تیسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر عماد وسیم نے کوئٹہ کے دوسرے اوپنر اسد شفیق کو بھی خرم منظور کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔

کوئٹہ کے تجربہ کار کھلاڑی کیون پیٹرسن بھی 15 کے مجموعے پر 6 رنز بنا کر روی بوپارا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو ئے۔

45 کے مجموعی اسکور پر جارحانہ مزاج بلے باز رلی روسو بھی 18 رنز بنا کر عماد وسیم کا شکار بن گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 7 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

شاہد آفریدی نے عمر امین کو 31 کے انفرادی اسکور پر باؤنڈری پر شاندار کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا۔









محمد نواز بھی 20 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیل کر محمد عامر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

محمد علی بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 10 گیندوں پر 7 رنز بنا کر ٹائمل مل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جوئے ڈینلی اور خرم منظور نے اننگز کا آغاز کیا۔

اوپننگ بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پہلی وکٹ پر 34 رنز جوڑے تو جوئے ڈینلی 14 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ 

57 رنز کے مجموعے پر بابر اعظم 10 رنز بناکر راحت علی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

83 کے مجموعی اسکور پر خرم منظور 39 گیندوں پر 35 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

خرم منظور کے آؤٹ ہونے کے بعد کولن انگرام اور روی بوپارا نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے ہوئے 131 رنز تک پہنچایا تو کولن انگرام 21 گیندوں پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگرام کے آؤٹ ہونے کے بعد بوپارا بھی ایک رنز کے اضافے کے بعد 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

138 کے مجموعے پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم 2 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

شاہد آفریدی 8 گیندوں پر 4 رنز بنا کر شین واٹسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے جبکہ اگلی ہی گیند پر شین واٹسن نے عرفان خان جونیئر بھی کیچ آؤٹ ہو گئے۔

محمد رضوان نے آخری اوور کی تیسری گیند پر واٹسن کو چوکا لگایا جب کہ اگلی ہی گیند پر واٹسن نے انہیں وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے انور علی اور آرچر نے دو، دو جب کہ شین واٹسن نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دونوں ہی ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہی ہیں البتہ سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ کی ٹیم گزشتہ دونوں ایڈیشنز میں فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہی تھی۔

خیال رہے پی ایس ایل تھری میں عماد وسیم پہلی مرتبہ کراچی کنگز کی قیادت کر رہے ہیں اور شاہد آفریدی بھی اسی ٹیم کا حصہ ہیں جو اس سے قبل سیزنز میں پشاور زلمی کی نمائندگی اور قیادت کرچکے ہیں۔

پی ایس ایل تھری کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور ایونٹ میں ڈیبیو کرنے والی ملتان سلطانز کے درمیان میچ سے ہوا۔

ملتان سلطانز نے شانداد کھیل کے بعد افتتاحی میچ کامیابی سے پی ایس ایل تھری کے سفر کا آغاز کیا۔ 

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے اور ایونٹ کے ایلیمینیٹر میچز 20 اور 21 مارچ کو لاہور جبکہ فائنل 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

Advertisement

@geonews_sport