Advertisement

کھیل
time icon 19 مارچ ، 2018

پی ایس ایل فائنل کیلیے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا


کراچی: نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے۔

وزیر ٹرانسپورٹ سندھ ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب نے بتایا کہ پی ایس ایل فائنل کے لیے سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر مخصوص شاہراہوں کو عام ٹریفک کیلیے بند کیا جائے گا۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ پہلا ڈائی ورژن کارساز روڈ کا ٹرننگ پوائنٹ ہے جو یونی روسٹی روڈ سے دائیں جانب مڑ کر اسٹیڈیم کی طرف جاتا ہے، یہ روڈ عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا جائے گا اس لیے عوام سے اپیل ہے کہ وہ راشد منہاس روڈ سے مڑ کر گلشن اقبال اور لیاقت آباد 10 نمبر کی طرف جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈالمیا روڈ بھی عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا جائے گا اور حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم کی طرف آنے والا پل بھی عام ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔

عمران یعقوب نے بتایا کہ نیو ٹاؤن سے بھی عام ٹریفک کا داخلہ بند ہو گا لیکن اسٹیڈیم روڈ پر واقعہ نجی اسپتالوں کے لیے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، مریض اور ایمبولینسوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔

بند کیے جانے والے روٹس پر شٹل سروس چلائی جائیں گی، شٹل بسوں کے لیے تین گراؤنڈز مختص کئے گئے ہیں، وفاقی اردو یونی ورسٹی گراؤنڈ، حکیم سعید گراؤنڈ اور بیت المکرم مسجد کے سامنے اتوار بازار گراؤنڈ سے شٹل بس سروس چلے گی۔

انہوں نے بتایا کہ شارع فیصل پر دو طرفہ ٹریفک چلتی نظر آئے گی، شاہراہ قائدین، راشد منہاس روڈ بھی مکمل طور کھلا رہے گا اور شاہراہ پاکستان پر بھی ٹریفک مکمل طور پر بحال ہو گی۔

پارکنگ گراؤنڈز اور شٹل سروس

ٹریکف حکام نے بتایا کہ پہلی شٹل سروس تماشائیوں کو یونی ورسٹی روڈ پر تین پارکنگ گراؤنڈز سے ایکسپو سینٹر تک تماشائیوں کو ڈراپ کر کے واپس چلی جائیں گی۔

دوسری شٹل سروس تماشائیوں کو ڈالمیا روڈ پر واقع غریب نواز فٹبال گراؤنڈ سے لیکر جنرلز کالونی کے کونے تک ڈراپ کر کے واپس چلی جائیں گی اور تیسری شٹل سروس کشمیر کمپلیکس کے گراؤنڈ سے لیکر جیل چورنگی سے ہوتی ہوئی شائقین کو لیکر آغا خان اسپتال سے ٹرن کر کے واپس چلی جائیں گی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ اسٹیڈیم کی طرف جانے والی مخصوص روڈ فائنل والے روز دن 11 بجے بند کر دی جائے گی لیکن بند کی جانے والی سڑکوں کے آس پاس رہنے والی آبادی کو ان کی منزل تک جانے والے راستوں کی مکمل آگاہی فراہم کی جائے گی اور اگر کسی کو میڈیکل ایمرجنسی درپیش ہو گی تو ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ میچ دیکھنے کے لیے لیاقت آباد اور غریب آباد سے آنے والے شائقین ٹکٹس دکھا کر یونیورسٹی روڈ پر واقع پارکنگ گراؤنڈز میں اپنی گاڑیاں پارک کر سکیں گے۔

حکام نے یہ بھی بتایا کہ اسٹیڈیم کی سیکیورٹی رینجرز کے حوالے ہو گی لیکن اسٹیڈیم کے باہر سیکیورٹی کے چار حصار بنائے گئے ہیں جس کے لیے ساڑھے 8 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ میچ دیکھنے کے لیے آنے والوں کی پارکنگ میں ہی تلاشی لی جائے گی اور تماشائیوں کو واک تھرو گیٹ سے بھی گزارا جائے گا جبکہ پارکنگ میں ہی شائقین کے میچ ٹکٹ چیک کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کسی بھی شخص کو پیدل اسٹیڈیم تک آنے کی اجازت نہیں ہو گی اور میچ دیکھنے کے لیے آنے والوں کو صرف موبائل فون ساتھ لے جانےکی اجازت ہو گی۔

Advertisement

@geonews_sport