Advertisement

کھیل
time icon 26 مارچ ، 2018

کامران اکمل خود پر تنقید کرنے والوں پر برہم ہوگئے

پاکستان سپر لیگ تھری کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین آصف علی کا کیچ چھوڑنے والے کامران اکمل خود پر تنقید کرنے والوں پر برہم ہوگئے۔

جیو سے گفتگو میں پشاور زلمی کے بیٹسمین اور وکٹ کیپر کامران اکمل نے کہا کہ کیچ چھوڑنے پر کس بات کا افسوس۔

شدید تنقید نے کامران اکمل کا مزاج گرم کردیا ہے، انہوں نے تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’بولنا بڑا آسان ہوتا ہے، مجھے پتا ہے کہ میں اپنی انجری کے ساتھ کس طرح کھیلا‘۔

کامران اکمل نے مزید کہا کہ تنقید کرنے والوں کو ساری صورتحال کا علم ہونا چاہیے، لوگوں کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ میں نے ٹیم کے لیے کیا کچھ کیا۔

کامران اکمل نے کہا کہ سب کو فائنل نظر آرہا ہے کوئی یہ نہیں دیکھ رہا کہ ہم کس طرح فائنل میں پہنچے ہیں، میں نے پورا ٹورنامنٹ انجری اور سخت تکلیف برداشت کر کے کھیلا۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل فائنل میں اہم موڑ پر کامران اکمل نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین آصف علی کا کیچ ڈراپ کردیا تھا جس کے بعد انہوں نے تین چھکے لگاکر اپنی ٹیم کو فتح کے قریب پہنچادیا تھا۔

کیچ ڈراپ کرنے پر شوشل میڈیا پر کامران اکمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

Advertisement

@geonews_sport