Advertisement

پاکستان
time icon 27 مارچ ، 2018

پی ایس ایل فائنل میں فتح کا کریڈٹ کھلاڑیوں کو جاتا ہے، مصباح الحق

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے اپنی ٹیم کی پاکستان سپر لیگ تھری میں فتح کا کریڈٹ کھلاڑیوں کو دیتے ہوئے کہا کہ جیت کے لیے محنت کے ساتھ دعاؤں کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔

لاہور میں ایس این جی پی ایل کے سالانہ گیمز کے افتتاح پر سابق کپتان نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے اسلام آباد یونائیٹڈ نے بہت کچھ سیکھا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کئی کھلاڑی دستیاب نہیں تھے، اس مرتبہ سرکردہ کھلاڑی ان فٹ ہو گئے لیکن کھلاڑیوں کی محنت سے ٹیم کو کامیابی ملی۔

سابق قومی کپتان نے کہا کہ اب وہ کھیلنے کی بجائے کھلاڑیوں کو گروم کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کریں گے۔

مصباح الحق نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا اچھا ہے لیکن تسلسل سے پرفارم کرنے والوں کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیئے۔

مصباح الحق کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل تھری کے فائنل میں پشاور زلمی کو شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔

انجری کے باعث اس میچ میں مصباح کی جگہ جے پی ڈومنی اسلام آباد کی کپتانی کررہے تھے۔

اس سے قبل مصباح کی کپتانی میں اسلام آباد کی ٹیم پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں بھی کامیاب رہی تھی۔

Advertisement

@geonews_sport