Advertisement

انٹرٹینمنٹ
time icon 18 جنوری ، 2019

پی ایس ایل 4 کے آفیشل ترانے پر سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید

سب سے زیادہ آفیشل گیت کو شہرت دوسرے ایڈیشن کے نغمے’سیٹی بجے گی‘ کو ملی جو پی ایس ایل کی پہچان بن گیا ہے — فوٹو: اسکرین گریب 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے چوتھے ایڈیشن کے آفیشل ترانے ’کھیل دیوانوں کا‘ پر سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان سپرلیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آفیشل گیت ’کھیل دیوانوں کا‘ میں گلوکار و اداکار فواد خان نے آواز کا جادو جگایا ہے لیکن شاید یہ نغمہ مداحوں کو زیادہ پسند نہیں آیا جنہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اس پر ملے جلے تاثرات دیے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے تینوں ایڈیشنز کے گیت علی ظفر نے گائے تھے لیکن سب سے زیادہ شہرت دوسرے ایڈیشن کے نغمے ’سیٹی بجے گی‘ کو ملی جو پی ایس ایل کی پہچان بن گیا۔

چوتھے ایڈیشن کے گیت پر کئی سوشل میڈیا صارفین نے ناگواری کا اظہار کیا ہے اور اس نغمے کو علی ظفر کے نغموں سے کم تر قرار دیا ہے۔ 

خان نامی ٹوئٹر صارف نے کہا کہ ایک اور جمعہ ۔۔اس بار فواد خان نے برباد کردیا۔ 

طوبیٰ مرزا نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ  پی ایس ایل 4 کے نغمے کے ساتھ مذاق کیا گیا ہے۔ 

زکریا شاہ نامی ٹوئٹر صارف کہتے ہیں کہ علی ظفر کے پی ایس ایل کیلئے گائے ہوئے گیت فواد خان کے نئے گیت سے بہت بہتر ہیں۔

ایک اور خاتون صارف زانور نے علی ظفر کے گیت ’پھر سیٹی بجے گی‘ کی واپسی کا مطالبہ کیا۔

آفیشل ترانہ ریلیز کے وقت سے پہلے لیک؟ 

دوسری جانب سوشل میڈیا پر پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے آفیشل نغمے کے وقت سے 4 گھنٹے پہلے لیک ہونے کی خبریں بھی گردش میں ہیں۔ 

ٹھاکر حسام نامی ٹوئٹر صارف نے شام ساڑھے 5 بجے ہی پی ایس ایل کا آفیشل گیت جاری کردیا تھا جس کے بعد سے ہی اس کے لیک ہونے کی بحث جاری ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ نغمہ لیک ہونا پی ایس ایل سوشل میڈیا ٹیم کی غفلت ہے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے آفیشل گیت کی ریلیز کا وقت رات 8 بج کر 55 منٹ دیا گیا تھا۔

Advertisement

@geonews_sport

Advertisement