Advertisement

کھیل
time icon 12 فروری ، 2019

براوو نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے ’چیمپئنز‘ گانے کے الفاظ بدل دیے

پی ایس ایل 2019 کیلئے ٹیم میں منتخب کرنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا شکریہ۔ فوٹو: فائل

ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر ڈیوائن براوو نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے اپنے مشہور زمانہ ’چیمپئنز‘ گانے کے الفاظ بدل ڈالے۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی تقریب رونمائی ہو چکی ہے اور کرکٹ کی دنیا کے جگمگاتے ستارے 14 مارچ سے پی ایس ایل میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

پی ایس ایل کے ابتدائی میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے جس کے لیے تمام کھلاڑیوں نے دبئی میں ڈیرے بھی ڈال لیے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی سرفراز احمد کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں ایک بار پھر کپتانی کی ذمہ داری دی ہے اور اس بار تجربہ کار ڈیوائن براوو بھی گلیڈی ایٹرز کے دستے میں شامل ہیں۔

ڈیوائن براوو ایک اچھے ایتھلیٹ کے ساتھ ساتھ اچھے سنگر اور ڈانسر بھی ہیں اور وہ اکثر اپنے ڈانس اور گانوں کے کلپس سوشل میڈیا پر شیئر بھی کرتے رہتے ہیں۔

براوو نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے اپنے پیغام میں کہا کہ سب سے پہلے تو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے مجھے پاکستان سپر لیگ کے لیے اپنی ٹیم میں منتخب کیا۔

سابق ویسٹ انڈین آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ پاکستانیو، چیمپئن 2006 کے بعد پہلی بار آپ کے وطن آ رہا ہے اس لیے آپ لوگ ہمیں بھرپور سپورٹ کریں۔

اپنے پیغام میں ڈیوائن براوو نے ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جتوانے کے بعد گایا جانے والے گانے ’چیمپئنز‘ میں کوئٹہ کے الفاظ بھی شامل کیے۔

خیال رہے کہ ڈیوائن براوو ہر قسم کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور اب وہ مختلف ممالک کی لیگز میں شرکت کرتے ہیں۔


Advertisement

@geonews_sport