Advertisement

کھیل
time icon 15 فروری ، 2019

پی ایس ایل ٹکٹس خریدنے کے خواہاں شائقین کیلئے خوشخبری

پہلے مرحلے میں ابتدائی 4 میچز کے ٹکٹس آن لائن فروخت کیلئے دستیاب ہوں گے، خوشخبری یہ ہے کہ ٹکٹس کی قیمت بھی کم کردی گئی ہے— فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے لیے پاکستان میں ہونے والے میچز کے ٹکٹس کی آن لائن فروخت آج رات 12بجے سے شروع ہوگئی۔

پہلے مرحلے میں ابتدائی 4 میچز کے ٹکٹس فروخت کیلئے دستیاب ہوں گے اور شائقین کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ میچز کے ٹکٹس کی قیمت بھی کم کردی گئی ہے۔

سیزن تھری میں پلے آف میچز کے جن انکلوژر کی قیمت ایک ہزار سے 8 ہزار تھی اب ان کی قیمت کم کرکے 500 سے 3 ہزار کردی گئی ہے۔

یہی نہیں بلکہ کراچی میں ہونے والے فائنل میچ کے ٹکٹس کی قیمت بھی کم کردی گئی ہے۔

رات 12 بجتے ہی ویب سائٹ پر ٹکٹس فروخت کیلئے دستیاب ہوگئے، ٹکٹس پروجیکٹ ہیڈ عدیل اظہر کا کہنا ہے کہ کوشش ہے اس بار ویب سائیٹ کریش نہ ہو۔

پہلے مرحلے میں کراچی کے 7 اور 10 مارچ کے جبکہ لاہور کے 9 اور 10 مارچ کو والے میچز کے ٹکٹس دستیاب ہوں گے، ان ٹکٹس کی قیمت 500 روپے، ایک ہزار، دو ہزار، ڈھائی ہزار اور 3 ہزار روپے ہے۔

پلے آف اور فائنل میچز کے ٹکٹس کی آن لائن فروخت 20 فروری سے شروع ہوگی۔ فائنل کے ٹکٹس کی قیمت 8 ہزار،4 ہزار، 2 ہزار اور 500 روپے رکھی گئی ہے۔

پہلی بار آن لائن ٹکٹس لینے والے خوش نصیبوں کیلئے ہوم ڈلیوری کی سہولت دی گئی ہے جبکہ ملک بھر میں 13 شہروں کی 60 مختلف ٹی سی ایس برانچز میں 25 فروری سے ٹکٹس کی فروخت شروع ہوگی۔

Advertisement

@geonews_sport