Advertisement

کھیل
time icon 18 فروری ، 2021

وکٹیں میں لوں یا شاہین،کامیابی تو لاہور قلندرز کی ہی ہونی ہے، حارث رؤف

ہدف سیدھا سا ہے اور وہ یہ کہ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے لاہور قلندرز کو ٹائٹل جتوانے کی پوری کوشش کروں، فاسٹ بولر— فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے لاہور قلندرز کو پی ایس ایل ٹائٹل جتوانے کیلئے پر عزم ہیں، وکٹیں چاہیں وہ لیں یا شاہین آفریدی،کامیابی تو لاہور قلندرز کی ہی ہونی ہے۔

27 سالہ حارث رؤف نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں ان کا ہدف سیدھا سا ہے ، اور  وہ یہ کہ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے لاہور  قلندرز کو ٹائٹل جتوانے کی پوری کوشش کریں۔

نوجوان فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ پچھلے سال ٹیم نے اچھا مومینٹم حاصل کرلیا تھا اور فائنل تک آئے، بدقسمتی سے فائنل میں کراچی کنگز سے شکست ہوئی جس پرٹیم کا ہر ممبر دکھی تھا لیکن اس بار ٹیم بہتر نتائج دے گی اور ٹرافی جیتے گی۔

حارث رؤف کا کہنا تھا کہ ٹیم اس مومینٹم کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی جس کو گزشتہ ایڈیشن کے دوسرے حصہ میں حاصل کیا  تھا۔

انہوں نے کہا کہ قلندرز میں اس بار  زیادہ تر وہی کھلاڑی ہیں جو  پچھلی بار تھے، جو نئے پلیئر آئے ہیں وہ بھی کافی اچھے ہیں، راشد خان کے آنے سے بولنگ اٹیک اور بھی مضبوط ہوگیا ہے جبکہ پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام سے اوپر آنے والے نوجوان کرکٹرز  بھی اچھی فارم میں نظر آرہے ہیں۔

ایک سوال پر حارث رؤف نے کہا کہ انہیں خوشی ہوتی ہے اگر شاہین شاہ آفریدی بھی ٹاپ وکٹ ٹیکر بنیں وہ اور شاہین آفریدی آپس میں اس ریس میں مقابل نہیں ہیں، وکٹیں شاہین لیں یا حارث رؤف فائدہ لاہور قلندرز کا ہی ہے۔

حارث رؤف نے عزم ظاہر کیا کہ ان کی کوشش ضرور ہوگی کہ وہ اپنی ٹیم کیلئے زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کریں۔

نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ ایک ٹیپ بال کرکٹر سے پاکستان کے انٹرنیشنل کرکٹر بننے کے سفر میں لاہور قلندرز کا اہم کردار ہے، ان کے اس سفر کا  آغاز  قلندرز کے ساتھ ہی ہوا ہے جس پر انہیں فخر ہے۔

حارث رؤف نے فینز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرز کی اصل اسٹرینتھ فینز ہیں، انہوں نے ہمیشہ ٹیم کو سپورٹ کیا امید ہے اس بار بھی سپورٹ کا سلسلہ جاری رہے گا ، لاہور قلندرز کی ٹیم اپنے فینز کو مایوس نہیں کرے گی۔

Advertisement

@geonews_sport