Advertisement

کھیل
time icon 19 فروری ، 2021

لاہور قلندزر کے ذیشان اور معاذ پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی دکھانے کیلیے پرامید

فوٹو: فائل

لاہور قلندرز کے کرکٹرز ذیشان اشرف اور معاذ خان پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پر امید ہیں۔

پی ایس ایل کا آغاز کل سے کراچی میں ہو رہا ہے جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم اتوار سے اپنے سفر کا آغاز کرے گی۔

دھواں دھار بیٹنگ کے لیے مشہور وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کا حصہ بننے پر خوش ہوں، لاہور قلندرز کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہوں، کوشش ہے کہ لاہور قلندرز کو فائنل میں جتواؤں اور میرا کردار سب سے اہم ہو۔

لاہور قلندرز کا حصہ بننے سے قبل ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے ذیشان اشرف کا کہنا ہے کہ بڑی محنت کر کے آیا ہوں، توقعات پر پورا اتروں گا۔

ان کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز اچھا کھیلتے ہوئے آ رہی ہے، فاسٹ بولنگ اچھی ہے، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ بیٹنگ میں محمد حفیظ اور فخر زمان بھی ہیں، ان کی کارکردگی گزشتہ ایڈیشن میں بھی اچھی تھی اور ٹیم کو فائنل میں پہنچایا تھا، اس مرتبہ لاہور قلندرز کو جتوائیں گے۔

لیگ اسپنر معاذ خان کا کہنا ہے لاہور قلندرز پلئیرز ڈویلپمنٹ سے شناخت بنائی، آسٹریلیا جانے کا موقع ملا، ابو ظہبی کپ میں کھیلا اور اب پی ایس ایل میں شناخت بنانا ہے، امید ہے کہ لاہور قلندرز کی جانب سے اچھا کھیلوں گا۔

انہوں نے کہا کہ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں بھرپور محنت کر کے آئے ہیں، کوچز نے بہت کام کیا ہے، میں نے بیٹنگ پر بھی خوب فوکس کیا ہے، میچز میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔

معاذ خان نے کہا کہ پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں بھی کھیلنے پر خوشی ہے، گزشتہ برس فائنل ہارے تھے لیکن اس مرتبہ فائنل جیتنا ہے۔

Advertisement

@geonews_sport