Advertisement

کھیل
time icon 20 فروری ، 2021

فخر زمان نے پی ایس ایل 6 میں بہترین بیٹسمین بننے پر نظریں جمالیں

اس بار پاکستان سپر لیگ میں ہدف یہی ہے کہ وہ اپنی کارکردگی سے لاہور قلندرز کو پی ایس ایل میں فتحیاب کرائیں، فخر زمان— فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم لاہور قلندرز اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان نے لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں بہترین بیٹسمین بننے پر نظر جمالی، کہتے ہیں کہ اس ٹورنامنٹ میں پرفارم کرنا ان کیلئے بھی اہم ہے۔

فخر زمان نے کہا کہ اس بار پاکستان سپر لیگ میں ان کا ہدف یہی ہے کہ وہ اپنی کارکردگی سے لاہور قلندرز کو پی ایس ایل میں فتحیاب کرائیں اور ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین کا اعزاز بھی اپنے نام کریں۔

30 سالہ بیٹسمین سے جب پوچھا گیا کہ آپ کو لگتا ہے اس بار قلندرز ٹرافی جیت سکتے ہیں تو انہوں نے پر اعتماد انداز میں کہا ۔۔۔ کیوں نہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ اس بار لاہور قلندرز کا وننگ کمبی نیشن برقرار رہے، ڈرافٹ میں بھی وہ کھلاڑی ملے جن کو حاصل کرنا چاہتے تھے، راشد خان کے آنے سے ٹیم اور مضبوط ہوئی ہے جبکہ نوجوان پلیئرز بھی کافی اچھے ہیں، امید ہے کہ لاہور قلندرز اس بار بھی اچھا پرفارم کرے گی ، پچھلی بار تو فائنل جیت نہیں سکے تھے لیکن اس بار فائنل ضرور جیتیں گے۔

ایک سوال پر فخر زمان نے کہا کہ انہیں اندازہ ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے ان کی فارم ویسی نہیں جیسی ہوتی تھی اور وہ اس انداز میں رنز نہیں بناپارہے جس انداز میں بنانا چاہیے تھے اس لیے پاکستان سپر لیگ ان کیلئے کافی اہم ہے،  وہ کوشش کریں گے کہ اس ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کرکے اپنا اعتماد بحال کریں اور اپنی ٹیم کی جیت میں بھی اہم کردار ادا کریں۔

فخر زمان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے روٹی گینگ میں شامل کرکٹرز مختلف ٹیموں میں شامل ہیں، پی ایس ایل کا مقابلہ الگ ہے اور روٹی گینگ کی دوستیاں الگ، روٹی گینگ صرف ایک واٹس ایپ گروپ نہیں بلکہ کرکٹرز کے درمیان پکی دوستی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم پوری کوشش کرے گی کہ اس بار فینز کو مایوس نہ کریں اور ٹورنامنٹ جیت کر جشن منانے کا موقع فراہم کرے۔

Advertisement

@geonews_sport