Advertisement

کھیل
time icon 20 فروری ، 2021

کپتان لاہور قلندرز سہیل اختر نے پی ایس ایل میں غیر معمولی کارکردگی کو ہدف بنا لیا

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل کھیلنے والی متحرک ترین فرنچائز لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے کہ اچھی پرفارمنس کے لیے بڑی محنت کی ہے اور کپتان اچھا پرفارم کرے تو ٹیم پر بھی اچھا اثر پڑتا ہے، میں اپنی انفرادی پرفارمنس سے ٹیم کے لیے آسانیاں پیدا کروں گا۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا آج سے کراچی میں آغاز ہو رہا ہے اور لاہور قلندرز کل پشاور زلمی کے خلاف پہلا میچ کھیلے گی۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے سال بھر متحرک رہنے والی فرنچائز لاہور قلندرز کی قیادت کرنا اعزاز ہے، میں نے زندگی میں بہت مشکلات دیکھی ہیں اور میرا یہاں تک سفر بڑا مشکل رہا ہے، لاہور قلندرز کے لئے ٹرائیلز دینا ہی میرے کیرئیر کا ٹرننگ پوائنٹ ہے، عاقب جاوید اور ثمین رانا نے مجھے موقع دیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پر بہت کام کیا گیا، مجھے ٹرینر دیا گیا، میرا ڈائٹ پلان بنایا گیا، میں نے سب پر سختی سے عمل کیا اور پھر سب کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کی۔

سہیل اختر نے کہا کہ کوشش ہے کہ اچھا پرفارم کروں اور ٹیم کو جتواؤں، ٹیم کا کمبی نیشن بھی اچھا ہے، گزشتہ ایڈیشن میں فائنل ہارے تھے لیکن اب فائنل جیتنا ہدف ہے۔

Advertisement

@geonews_sport