Advertisement

کھیل
time icon 20 فروری ، 2021

انتظار کی گھڑیاں ختم، رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ پی ایس ایل 6 کا شاندار آغاز

پی ایس ایل 6 کیلئے انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں اور رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ لیگ کا شاندار آغاز ہوگیا۔

ترکی ریکارڈ شدہ افتتاحی تقریب میں عاطف اسلم، آئمہ بیگ سمیت دیگر ستاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

استنبول میں ریکارڈ کی گئی دلچسپ تقریب سے ایونٹ شروع ، میوزک کی جھنکار میں ملک کے مایہ ناز فنکار ایکشن میں دکھائی دیے ، پہلے عاطف اسلم نے رنگ جمایا، پھر عمران خان اور عمیمہ ملک نے شائقین کا جوش بڑھایا ۔

آخر میں اسٹیج پر تھیں پی ایس ایل سکس کا آفیشل نغمہ گانے والی نصیبو لال اور آئمہ بیگ، رنگا رنگ تقریب کے اختتام پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دلکش آتش بازی بھی کی گئی ۔   

 پاکستان سپرلیگ 2021 کا میلہ 22 مارچ تک جاری رہے گا،  پاکستان سپرلیگ میں 6 ٹیمیں ٹرافی کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی، ہرٹیم 10 میچ کھیلے گی۔

پاکستان سپرلیگ 2021 میں مجموعی طورپر34 میچز کھیلے جائیں گے، پہلا مرحلہ 7 مارچ تک کراچی میں ہوگا، دوسرا مرحلہ 10 مارچ سے لاہورمیں شروع ہوگا۔

ایونٹ کی 4 بہترین ٹیمیں پلے آف مرحلے کے لیےکوالیفائی کریں گی۔ اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 6 کے میچزکراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے،  پی ایس ایل کی کامیابی کی اصل وجہ کرکٹ شائقین ہیں۔

پی ایس ایل 6 کا پہلا ٹاکرا کراچی کنگز  اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان افتتاحی تقریب کے بعد ہو گا۔ میچ جیو سوپر سے براہِ راست نشر کیا جائے گا۔

Advertisement

@geonews_sport