Advertisement

کھیل
time icon 20 فروری ، 2021

پی ایس ایل 6: پہلے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

ں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتھا،فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ 6 کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پہلے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 121 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 122 رنز کا ہدف ملا جو کہ اس نے 14 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

کوئٹہ کی اننگز

کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان سرفراز احمد اور ٹام بینٹن نے کیا تاہم پہلے ہی اوور میں 6 کے مجموعی اسکور پر ٹام بینٹن 5 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد سرفراز احمد 7، صائم ایوب 8، کرس گیل 39، محمد نواز 3، اعظم خان 17، بین کٹنگ 11، عثمان شنواری 0 اور محمد حسنین 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

یوں کوئٹہ کی ٹیم پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 18.2 اوورز میں 121 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

کراچی کی جانب سے ارشد اقبال 3 اور وقاص مقصود نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عماد وسیم اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،  عامر یامین اور ڈینئل کرسچن نے بھی ایک ایک وکٹ لی۔

کراچی کی اننگز

122 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کا آغاز مایوس کن رہا اور اوپنر شرجیل خان پہلے ہی اوور میں 4 رنز بنا کر حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

شرجیل کے بعد جوکلارک اور بابر اعظم نے ٹیم کے لیے 55 رنز کی قیمتی شراکت داری قائم کی، جوکلارک نے 23 گیندوں پر 46 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اورچھٹے اوور میں عثمان شنواری کا شکار ہوگئے۔

ان کے بعد کراچی کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جنہوں نے 24 رنز بنائے اور 87 کے مجوعی اسکور پر حسنین کا شکارہوگئے۔

بابر کے بعد کولن انگرام اور محمد نبی نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے ٹیم کو ہدف تک پہنچادیا، دونوں بالترتیب 30 اور 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، کراچی کنگز نے 122 رنز کا ہدف ویں 14 ویں  اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

کوئٹہ کی جانب سے حسنین نے 2 اور عثمان شنواری نے ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی کنگز کے ارشد اقبال کو شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ، انہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

Advertisement

@geonews_sport