Advertisement

کھیل
time icon 20 فروری ، 2021

قلندرز کے اسکواڈ کو دیکھ کرکسی اور ٹیم کو فیورٹ کہا ہی نہیں جاسکتا، بازید خان

 امید ہے کہ اس بار لیگ سے نوجوان فاسٹ بولرز ابھر کر سامنے آئیں گے،بازید خان،فوٹو: جیو نیوز 

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور  پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کےکمنٹیٹر بازید خان نے لاہور قلندرز کو پی ایس ایل کی فیورٹ ٹیم قرار دیتے ہوئےکہا ہےکہ لاہور قلندرز کے اسکواڈ کو دیکھ کرکسی اور ٹیم کو فیورٹ کہا ہی نہیں جاسکتا۔

جیو نیوز کو انٹرویو میں بازید خان نے کہا کہ اس ایڈیشن میں لاہور قلندرز کے پاس بہترین بولنگ اٹیک ہے، راشد خان کی موجودگی سے یہ اٹیک اور بھی مضبوط ہوجاتا ہے، حفیظ کی فارم اور بین ڈنک کی موجودگی سے بیٹنگ بھی اچھی لگ رہی ہے، اگر پچھلے ایڈیشن کی طرح اس بار بیٹنگ نے اچھا کیا توقلندرز کے اسکواڈ کو دیکھتے ہوئے کسی اور ٹیم کو فیورٹ نہیں قرار دیا جاسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ فخر زمان کے لیے بھی اہم ہے کیوں کہ وہ کچھ دنوں سےاسٹرگل کررہے ہیں، یہ ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں وہ پرفارم کرکے اپنا کم بیک کرسکتے ہیں، یہ ٹورنامنٹ ان کے لیے اچھا پلیٹ فارم ہے، فخر زمان ایسے کھلاڑی ہیں جو اگر شروع میں رن کرجائیں تو لاہور کے لیے جیت کا سفر آسان ہوجائےگا۔

بازید خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ ہر مقامی پلیئر کے لیے کافی اہم ہے، یہاں پرفارمنس دے کر پلیئرز نہ صرف اپنا کم بیک کرسکتے ہیں بلکہ نوجوان کرکٹرز بھی سلیکٹرز کے دروازے پر دستک دے سکتے ہیں کیوں کہ پاکستان سپر لیگ میں اچھی کارکردگی ہر کسی کی نظر میں آتی ہے اور مدتوں یاد بھی رہتی ہے۔

پاکستان کی جانب سے ایک ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے میچز کھیلنے والے39 سالہ کرکٹر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ سب سے بڑا برانڈ بن چکا ہے اور ہر سال اس کی رونق میں اضافہ ہورہا ہے ، اس بار بھی مشکل حالات کے باوجود دنیا کے ٹاپ پلیئرز اس لیگ میں شریک ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس بار لیگ سے نوجوان فاسٹ بولرز ابھر کر سامنے آئیں گے، ساتھ ساتھ محمد رضوان کی کپتانی پر بھی سب کی نظریں ہوں گی کہ وہ کس طرح ٹیم کو لےکر چلتے ہیں۔

Advertisement

@geonews_sport