Advertisement

کھیل
time icon 21 فروری ، 2021

فواد عالم کا پی ایس ایل کھیلنے کی خواہش کا اظہار

فواد عالم پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں کراچی کنگز کا حصہ تھے لیکن ان کو کھلایا نہیں گیا،فوٹو: جیو نیوز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)  کھیلنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

فواد عالم نے اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں لگے آنرز بورڈ پر اپنا نام درج کیا، ان کا نام اس میدان پر سنچری بنانے والوں کی فہرست میں درج کیا گیا ہے، ٹیسٹ سیریز کے موقع پر بائیو سیکیور ببل میں ہونے کی وجہ سے فواد کراچی ٹیسٹ کے بعد اپنا نام نہیں لکھ سکے تھے لیکن پی ایس ایل کے دوران انہیں یہ موقع مل گیا کہ وہ اسٹیڈیم آکر اپنا نام خود درج کریں کیوں کہ وہ پی ایس ایل میں بطور پلیئر شریک نہیں۔

پاکستان کی ریڈ بال ٹیم میں 10 سال بعد کم بیک کرنے والے کھلاڑی سے جب پوچھا گیا کہ پی ایس ایل کھیلنے کی خواہش ہے تو انہوں نے کہا کہ خواہش تو ہر چیز کی ہوتی ہے، پی ایس ایل کی بھی ہے۔

فواد عالم کا کہنا تھا کہ  ہر چیز کا ایک وقت مقرر ہوتا ہے ، جب ان کا وقت ہوگا تو وہ پی ایس ایل بھی کھیل لیں گے ،فواد عالم پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں کراچی کنگز کا حصہ ضرور رہے لیکن ان کو کھلایا نہیں گیا۔

انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستان میں ان حالات میں بھی کرکٹ ہورہی ہے جس میں ٹاپ پلیئرز شریک ہیں، ابھی 7 ہزار پانچ سو تماشائیوں کو اجازت ملی ہے امید ہے جب حالات بہتر ہوں گے تو اور بھی تماشائیوں کو میدان آنے کی اجازت مل جائے گی۔

فواد عالم کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے ابتدائی میچز میں وکٹیں بیٹنگ کے لیے مناسب تھیں لیکن پلیئرز کافی عرصہ بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں اس لیے انہیں ایڈجسٹ ہونے میں وقت لگ رہا۔

کراچی ٹیسٹ میں اپنی اننگز پر فواد عالم نے کہا پاکستان کے لیے اسکور کرنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے، خوشی ہوتی ہے کہ جب آپ کی کارکردگی ایسی ہو جس سے ٹیم کو فائدہ پہنچے، انہوں نے کہا کہ آنر بورڈز پر دنیا کےبڑے بیٹسمینوں کے ساتھ نام درج ہونے پر وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

Advertisement

@geonews_sport