Advertisement

کھیل
time icon 22 فروری ، 2021

لاہور قلندرز نے کرکٹ کی دنیا میں ایک اور ستارہ متعارف کرادیا

فوٹو: جیونیوز

لاہور قلندرز نے کرکٹ کی دنیا میں ایک اور ستارہ متعارف کرادیا۔

لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام سے 25 سالہ فاسٹ بولر سلمان مرزا نے ڈیبیو کیا ہے۔

سلمان مرزا  کا کہنا ہےکہ لاہور کی گلیوں میں ٹیپ بال کھیلنے والے کو قلندرز نے پی ایس ایل تک پہنچا دیا، وہ قلندرز کے لیے ضرور ہیرو بنیں گے۔

لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام نے گزشتہ چند برس کے دوران پی ایس ایل میں کئی ایسے کرکٹرز متعارف کرائے جو پہلے کہیں نہیں تھے۔

 پی ایس ایل کی متحرک ترین فرنچائز نے حارث رؤف جیسے کرکٹر کو اپنے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام سے پاکستان انٹرنیشنل کرکٹر بنادیا۔

اس کے علاوہ دلبر حسین ، سہیل اختر، سلمان ارشاد، معاذ خان ، فرزان راجہ اور محمد فیضان بھی لاہور قلندرز کے متعارف کرائے گئےستارے ہیں۔

سلمان مرزا نےپی ایس ایل 6 میں لاہور قلندرز کی جانب سے پشاور زلمی کے خلاف میچ میں ڈیبیو کیا اور پہلے ہی میچ میں کامران اکمل اور حیدر علی کی وکٹیں حاصل کرکے شاندار انٹری دی۔

سلمان مرزا 2017 اور 2018 میں دونوں مرتبہ ٹرائلز میں آئے، پی ڈی پی ٹورنامنٹ میں فیصل آباد اور لاہور کی نمائندگی کی ، پھر 2019 میں بیٹل آف قلندرز ٹی ٹین ٹورنامنٹ کھیلا اور وہاں سے قلندرز کے کوچنگ اسٹاف کی نظروں میں آئے۔

انہیں ہائی پرفارمنس سینٹر بلایا گیا جہاں ان کی ٹریننگ کی گئی اور آج سلمان مرزا پی ایس ایل کا حصہ بن گئے ہیں۔

سلمان مرزا کا کہنا ہے کہ وہ زیرو ہی تھے اور اور آج پی ایس ایل کھیلا، ابھی ہیرو تو نہیں بنے لیکن ایک دن ضرور بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کو کریڈیٹ جاتا ہے کہ اس نے ان جیسے کرکٹر کے لیے  پلیٹ فارم تیار کیا اور ٹاپ لیول کرکٹ کھیلنے کا موقع دیا۔

سلمان مرزا کو پی ایس ایل کھیلنے کا چانس اس وقت ملا جب دلبر حسین ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے، انہیں متبادل پلیئر کے طور پر اسکواڈ میں لیا گیا اور وہ آتے ہی چھا گئے۔ 

سلمان نے بتایا کہ وہ ابتدا میں بطور نیٹ بولر ٹیم کے ساتھ آئے اور سوچا نہیں تھا کہ اتنی جلدی چانس مل جائے گا، میچ سے قبل جب ثمین رانا نے ٹیم میں شمولیت کا بتایا تو یقین نہیں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قلندرز نے ان کی زندگی کا سب سے اہم موقع دیا ہے، وہ یہاں سے اپنے کھیل کو اور بھی بہتر کرکے مستقبل میں قلندرز کو میچز جتوانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

Advertisement

@geonews_sport

Advertisement