Advertisement

کھیل
time icon 22 فروری ، 2021

شمالی وزیرستان کے محمد وسیم پی ایس ایل سے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے پر امید

دائیں ہاتھ سے بولنگ کرانے والے فاسٹ بولر نے پہلے ہی میچ میں محمد رضوان، شاہد آفریدی اور صہیب مقصود کی وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آغاز سے ہی پاکستان کرکٹ کو کئی نئے ٹیلنٹ ملے ہیں ۔

شاداب خان، حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، محمد نواز اور حارث رؤف ایسے کرکٹرز ہیں جنہوں نے پی ایس ایل کے پلیٹ فارم پر کارکردگی دکھا کر پاکستان ٹیم میں شمولیت کی راہیں ہموار کیں۔

ہر ٹیم میں ایک ایمرجنگ پلیئر کی یقینی شمولیت نے نوجوان کرکٹرز کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے کی امید دلادی ہے اور نوجوان کرکٹرز اس لیگ میں اچھا پرفارم کرکے پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے  پر امید ہیں۔

شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر بھی ان میں سے ایک ہیں، انہوں نے اتوار کی شب کراچی میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے اپنے پی ایس ایل کیریئر کا آغاز کیا۔

— فوٹو: پی ایس ایل آفیشل 

دائیں ہاتھ سے بولنگ کرانے والے فاسٹ بولر نے پہلے ہی میچ میں محمد رضوان، شاہد آفریدی اور صہیب مقصود کی وکٹیں حاصل کیں۔

جیو نیوز سے گفتگو میں نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ پی ایس ایل سے بہت سے پلیئرز منظر عام پر آئے ہیں، ان کا اولین ٹارگٹ پاکستان سپر لیگ میں بہترین ایمرجنگ پلیئر بننا ، سب سے زیادہ وکٹیں لینا اور پاکستان ٹیم میں جگہ بنانا ہے۔

محمد وسیم نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں زندگی بہت مشکل تھی، گراؤنڈ نہیں تھے ا ور وہ گلیوں میں ٹیپ ٹینس سے کرکٹ کھیلتے تھے اور ٹی وی پر پاکستان سپر لیگ کے میچز دیکھا کرتے تھے ، کرکٹ کے شوق میں وہ پشاور آئے جہاں اکیڈمی میں داخلہ لیا، اس دوران وہ ہاسٹل میں رہا کرتے تھے جو کافی مشکل تھا لیکن محنت کا سلسلہ جاری رکھا۔

— فوٹو: پی ایس ایل آفیشل 

انہوں نے کہا کہ ان کے والد کبھی بھی کرکٹ کی اجازت نہیں دیتے تھے اور ان حالات میں ان کے چچا نے ان کو بہت سپورٹ کیا، پشاور آئے تو محب نامی ان کے دوست نے ان کو کلب کرکٹ شروع کرائی اور وہاں سے ان کے باضابطہ سفر کا آغاز ہوا۔

محمد وسیم کو 2019 میں انٹر ریجنل ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد پاکستان انڈر 19 ٹیم میں موقع ملا ، انہوں نے انڈر 19 ورلڈ کپ میں دو میچز کھیلے جس میں ایک میچ میں پانچ وکٹیں بھی لیں ، نوجوان فاسٹ بولر نے گزشتہ برس اپنے فرسٹ کلاس اور لسٹ اے کیریئر کا ڈیبیو بھی کیا۔

ان کی متاثر کن پرفارمنس کی بنیاد پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس سال پی ایس ایل میں انہیں بطور  ایمرجنگ پلیئر سائن کرلیا۔ محمد وسیم نے کہا کہ اسلام آباد کے ڈگ آؤٹ پر انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا۔ رومان رئیس، سعید اجمل اور بوتھا سے بہت کچھ سیکھ رہے ہیں، امید ہے یہاں سے ان کا کھیل اور بھی بہتر ہوگا۔

محمد وسیم کہتے ہیں کہ ڈیبیو پر وہ نروس ضرور تھے لیکن خود کو بس یہ سمجھایا کہ میچ انجوائے کرنا ہے اور کوشش کرنی ہے کہ بہتر سے بہتر پرفارم کریں، اور میدان میں اتر کر بس کھیل کو انجوائے کیا اور کامیابی ملی۔

Advertisement

@geonews_sport