Advertisement

کھیل
time icon 24 فروری ، 2021

پکا لاہوری ہوں اس لیے قلندرز کو ہی سپورٹ کروں گا: اعصام الحق

اعصام الحق/فوٹو جیو نیوز

‏پاکستان کے ٹینس اعصام الحق کا کہنا ہے کہ وہ پکے لاہوری ہیں اس لیے پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کو ہی سپورٹ کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں اعصام الحق کا کہنا تھا پاکستان سپر لیگ کے آغاز میں لاہور قلندرز کی ٹیم کو تنقید کا سامنا کرنا پرا کیونکہ ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں تھی لیکن اب خوشی ہے کہ لاہور قلندرز کی ٹیم اچھا کھیل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم پہلے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر ہے۔

‏اعصام الحق نے کہا کہ امید ہے کہ آنے والے میچز میں بھی لاہور قلندرز اچھا کھیلے گی، مکمل سپورٹ اور نیک خواہشات لاہور قلندرز کے ساتھ ہیں۔

ٹینس اسٹار نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز ایک بار پھر پاکستان میں ہونے پر خوش ہوں، انٹرنیشنل سپر اسٹارز کے پاکستان آنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، انٹر نیشنل کھلاڑیوں کے لیے انتطامات بہت اچھے کیے گئے ہیں، وہ یہاں آکر خوش ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا سپر لیگ کے علاوہ بھی کرکٹ کی سیریز پاکستان میں اب باقاعدگی سے ہو رہی ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ انٹرنیشنل کھلاڑی اب خود کو یہاں محفوظ سمجھتے ہیں، ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ کھلاڑی پاکستان کو محفوظ سمجھ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور سکیورٹی فورسز کو اس کا کریڈٹ جاتا ہے کہ سب کھلاڑی خوش ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اس حوالے سے بہت کام کیا ہے۔

Advertisement

@geonews_sport