Advertisement

کھیل
time icon 27 فروری ، 2021

کراچی کنگز نے ملتان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ کے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز  کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

بابر اعظم کی شاندار کارکردگی کی بدولت کراچی کنگز نے 196 رنز کا بڑا ہدف 19 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔

بابر اعظم نے 60 گیندوں پر 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ جو کلارک نے 26 گیندوں پر 54  اور شرجیل خان نے 14 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔

فوٹو بشکریہ پی سی بی

قبل ازیں کراچی کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر ملتان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، ملتان کی جانب سے محمد رضوان اور کرس لین نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا لیکن پانچویں اوور میں کرس لین 14 گیندوں پر 32 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

محمد رضوان نے ایک بار پھر اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جیمز ونس نے 29 گیندوں پر 45 رنز اسکور کیے۔

صہیب مقصود 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور ملتان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

کراچی کی جانب سے ارشد اقبال نے دو جب کہ عماد وسیم، محمد عامر، ڈینیل کرسچن اور وقاص مقصود نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ملتان سلطانز نے گزشتہ روز لاہور قلندرز کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی جب کہ کراچی کنگز اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شکست کے بعد آج میدان میں اترے گی۔

پاکستان سپرلیگ میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے ، پہلا میچ کراچی کنگزاور ملتان سلطانز کے درمیان جب کہ دوسرا میچ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان شام سات بجے کھیلا جائے گا۔

براہ راست میچ دیکھنے کے لیے www.geosuper.tv/live وزٹ کریں یا گوگل پلے اسٹور سے ہماری موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

Advertisement

@geonews_sport