Advertisement

کھیل
time icon 03 مارچ ، 2021

بابر کی عمدہ بیٹنگ، کراچی نے پشاور کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ کے تیرہویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاورزلمی کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔

189 رنز کا ہدف کراچی کنگز نے آخری اوور میں 4 وکٹ پرحاصل کرلیا، بابراعظم 77 رنزبناکرناقابل شکست رہے، پشاور زلمی کے ثاقب محمود کی 2 ، محمد عمران اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 189 رنز کا ہدف دیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پشاور کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پشاور کی جانب سے ٹام کوہلر کیڈمور اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 30 کے مجموعے پر کامران اکمل 22 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اور پھر 33 پر کیڈمور اور 34 رنز پر کپتان شعیب ملک بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ پشاور زلمی کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حیدر علی تھے جو 9 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

چار کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد تجربہ کار روی بوپارا اور شرفین ردرفورڈ نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، ردرفوڈ 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد عماد بٹ وکٹ پر آئے اور دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 گیندوں پر 23 رنز بنا کر اپنی ٹیم کا اسکور 188 تک پہنچا دیا جب کہ روی بپارا 40 گیندوں پر 58 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

Advertisement

@geonews_sport

Advertisement