Advertisement

کھیل
time icon 04 مارچ ، 2021

پی ایس ایل: کورونا کیسز سامنے آنے پر غیر ملکی کھلاڑی پریشان، آج اہم میٹنگ ہوگی

فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ میں شریک دو ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کی وجہ سے غیر ملکی کھلاڑی پریشانی میں مبتلا ہو گئے جس کے بعد آرگنائزنگ کمیٹی تمام فرنچائز مالکان اور ان کی مینجمنٹ کے ساتھ آج اہم میٹنگ کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ پی ایس ایل6 کی 2 ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے اور  یہ تینوں کھلاڑی اب 10 روز تک آئسولیشن میں رہیں گے جب کہ ان کھلاڑیوں نے بدھ کو ہونے والے میچز میں شرکت نہیں کی تھی۔ 

تینوں کھلاڑیوں میں کورونا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد ان کے ٹیسٹ گزشتہ روز دوپہر کو کروائے گئے  جن کی رپورٹ مثبت آئی ہے ۔

پی ایس ایل 6 کی آرگنائزنگ کمیٹی آج تمام ٹیموں کے مالکان اور ان کی مینجمنٹ کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں شرکت کرے گی۔

تین نئے کیسز کے بعد پی ایس ایل 6 میں شریک افراد میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے  جس میں 6 کھلاڑی اور ایک آفیشل شامل ہے۔

Advertisement

@geonews_sport