Advertisement

کھیل
time icon 04 مارچ ، 2021

لمیچانے قلندرز کی جانب سے ایک بار پھر شاندار پرفارمنس دکھانے کیلیے تیار

فوٹو: فائل

لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں شامل نیپال کے ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ سندیپ لمیچانے پاکستان سپر لیگ میں ایکشن کے لیے تیار ہیں، انہیں راشد خان کی جگہ متبادل پلیئر کے طور پر قلندرز کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، پاکستان پہنچنے کے بعد انہوں نے اپنا قرنطینہ مکمل کر لیا ہے اور ٹیم کے ساتھ پہلا ٹریننگ سیشن بھی کر لیا ہے۔

جیو نیوز کو انٹرویو میں 20 سالہ اسپنر نے کہا کہ ایک بار پھر لاہور قلندرز کا حصہ بن کر انہیں کافی خوشی ہو رہی ہے، دو سال قبل اس ٹیم کے ساتھ پی ایس ایل کھیلی، پچھلے سال کے ایڈیشن میں ٹیم کا حصہ نہیں تھا، اس دوران ٹیم کو بہت مس کیا لیکن ٹی وی پر ایکشن دیکھتا رہا تھا۔

سندیپ لمیچانے ایسوسی ایٹ ملکوں سے تعلق رکھنے والے ان چند کھلاڑیوں میں سے ہیں جنہیں دنیا بھر میں ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیلنے کا تجربہ حاصل ہے اور وہ اپنی جادوئی اسپن بولنگ کی وجہ سے مشہور ہیں۔


ان کا کہنا ہے کہ پچھلے سال لاہور قلندرز ٹرافی کے بہت قریب آگئے تھے لیکن ایسا نہیں ہو سکا، امید ہے اس بار قلندرز اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے، ٹیم کا ٹورنامنٹ میں آغاز بہت اچھا ہوا ہے، امید ہے اس مومینٹم کے سلسلے کو جاری رکھیں گے۔

سندیپ لمیچانے کا کہنا تھا کہ وہ اس بار قلندرز کے ساتھ ٹرافی جیتنے کے لیے پرامید ہیں اور خواہش ہے کہ ٹیم کو سرخرو کروانے میں اہم کردار ادا کریں۔

ایک سوال پر نیپالی کرکٹر نے کہا کہ اب تک کے میچز کو دیکھ کر لگ رہا ہے کہ پی ایس ایل میں بولرز ، خاص طور پر اسپنرز کے لیے بولنگ کروانا کافی مشکل ہے لیکن وہ کوشش کریں گے کہ اپنا فوکس برقرار رکھتے ہوئے بہتر سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور اپنی ٹیم لاہور قلندرز کو جتوانے کی پوری کوشش کریں۔

سندیپ لمیچانے نے چھیانوے ٹی ٹوئنٹی میچز میں 125 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

نوجوان کرکٹر نے کہا کہ جب سے لاہور قلندرز میں ان کی شمولیت کا اعلان ہوا ہے انہیں سوشل میڈیا پر فینز نے کافی پیغامات بھیجے ہیں جن کو پڑھ کر انہیں کافی اچھا محسوس ہوا ہے، فینز سے یہی کہوں گا کہ وہ لاہور قلندرز کی سپورٹ کا سلسلہ جاری رکھیں، ٹیم اچھی کارکرگی پیش کرتے ہوئے ان کو جشن منانے کے مواقع فراہم کرتی رہے گی۔

Advertisement

@geonews_sport