Advertisement

کھیل
time icon 07 مئی ، 2021

پی ایس ایل کے بقیہ میچز کیلئے ابوظبی اور دبئی کا آپشن زیر غور

کورونا کے بڑھتے ہو ئے کیسز اور متوقع لاک ڈاؤن کی وجہ سے میچز کے کراچی میں انعقاد کا امکان کم ہے— فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل)  کی فرنچائزز کے اجلاس میں بقیہ میچز کیلئے وینیو کے انتخاب پرمشاورت کی گئی۔

پی ایس ایل 6 کے باقی میچز کے انعقاد کیلئے پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے فرنچائزز مالکان کے ساتھ اہم مٹینگ کی۔ ورچوئل اجلاس میں پی سی بی کی این سی او سی کے ساتھ ہونے والی میٹنگ پر بھی بات کی گئی۔

کورونا کے بڑھتے ہو ئے کیسز اور متوقع لاک ڈاؤن کی وجہ سے میچز کے کراچی میں انعقاد کا امکان کم ہے جبکہ بورڈ اور فرنچائزز اس بات پر متفق ہیں کہ موجودہ حالات میں ایونٹ کو یو اے ای میں کروایا جائے۔

اس ضمن میں امارات کرکٹ بورڈ کو پہلے ہی خط لکھا جا چکا ہے کہ جون میں دبئی یا ابوظبی میں میچز کا انعقاد ممکن ہے یا نہیں؟ ای سی بی سے میچز کے شیڈول سے لیکر لاجسٹک تک تمام معاملات پر بات چیت جاری رکھی جائے گی۔

ان تعطیلات کے دوران، پی سی بی ٹورنامنٹ کے نئے شیڈول کی تیاری پر بھی کام کرے گا، اس دوران پی سی بی پلیئنگ اور ٹریننگ سہولیات، ہوٹل کی بکنگ، گراؤنڈ پہنچنے کیلئے ٹرانسپورٹ اور ویزوں کے حوالے سے بھی ای سی بی سے مکمل رابطے میں رہے گا۔

فرنچائزز جو پہلے ہی ایونٹ یو اے ای منتقل کرنے کیلئے پی سی بی کو خط لکھ چکی ہیں، اب انہوں نے بورڈ کے فیصلے کو سراہا ہے جبکہ امکان ہے کہ چند روز میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز یو اے ای میں کروانے کاحتمی اعلان کر دیا جائے گا۔ 

Advertisement

@geonews_sport