Advertisement

کھیل
time icon 05 جون ، 2021

آسٹریلیا کی سردی سے نکل کر ابوظبی کی سخت گرمی میں آنے والے فواد احمد کیا کہتے ہیں؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر فواد احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ ایک بڑا چیلنج ہے لیکن وہ اس چیلنج سےنمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں آسٹریلیا کی جانب سے تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے والے فواد احمد نے کہا کہ میلبورن میں سخت سرد موسم تھا اور وہاں سے نکل کر وہ ابوظبی کے شدید گرم موسم میں آئے ہیں اور یہ ایک بڑا چیلنج ہے لیکن وہ اس چیلنج کیلئے کافی پرجوش ہیں کیوں کہ کورونا وائرس وبا کے دوران بھی کرکٹ کھیلنے کا موقع میسر آنا اہم بات ہے کیوں کہ یہ کھیل ہر پروفیشنل کرکٹر کا روزگار ہے۔

فواد احمد نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں بہترین مقابلہ ہوتا ہے، ہر ٹیم میں چار غیر ملکی کرکٹرز کی موجودگی سے ٹیموں کا بیلنس زبردست بن جاتا ہے، ٹیموں کے پاس شاندار بولنگ ٹیلنٹ ہے جو مقامی بولرز پر مشتمل ہے اور پھر بیٹنگ میں غیر ملکی کرکٹرز کی موجودگی ٹیموں کو اور بھی مضبوط بنادیتی ہے۔

39 سالہ کرکٹر کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں ڈیٹا اینالیسس کا کردار اہم ہوتا ہے کیوں کہ ہوم ورک کرنے کیلئے یہ تمام چیزیں جاننا ضروری ہوتا ہے کہ آپ کے حریف کی کمزوری اور خامیاں کونسی ہیں ۔

انہوں نے اسلام آباد کے کپتان شاداب خان کی بھی تعریف کی اور کہا کہ شاداب بہترین ٹیلنٹ ہے، گزشتہ دنوں وہ فٹنس کی وجہ سے کافی مسائل میں رہا لیکن خوشی ہے کہ شاداب واپس ایکشن میں ہے۔

فواد احمد کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ ٹورنامنٹ میں ٹیم کے مجموعی مقصد کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، یہ کردار بظاہر چھوٹا کردار بھی ہوسکتا ہے لیکن ٹیم کے مجموعی مقصد کے حصول میں اس کی کافی اہمیت ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم اسپورٹ میں ضروری ہوتا ہے کہ کم از کم چھ یا سات پلیئرز تسلسل کے ساتھ پرفارم کریں اور ایسا ہونے کی صورت میں ہی ٹیم کو کامیابی ملتی ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ پی ایس ایل کے 21 روزہ ٹورنامنٹ کیلئے انہیں مجموعی طور پر 57 دن کا قرنطینہ کرنا ہے لیکن اس کے سوا کوئی آپشن نہیں، واپس آسٹریلیا جائیں گے تو وہاں اور بھی سخت قرنطینہ ہےجس میں تازہ ہوا تک میسر نہیں ہوسکتی۔

فواد احمد کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی پی ایس ایل کی دیگر ٹیموں کے مقابلے میں فین بیس کچھ کم ہے لیکن یہ ٹیم سب سے کامیاب ٹیم ہے، امید ہے پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں بھی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔

Advertisement

@geonews_sport