Advertisement

کھیل
time icon 08 جون ، 2021

پی ایس ایل 6: کوشش ہے تیز سے تیز بولنگ کرکے بیٹسمینوں پر حاوی ہوں، حارث رؤف

اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ کافی اہم ہے، یہ میچ جیت کر وننگ مومینٹم کے ساتھ ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کرنی ہے، فاسٹ بولر— فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم لاہور قلندرز میں شامل فاسٹ بولر حارث رؤف کہتے ہیں کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں ان کی کوشش ہوگی کہ تیزسے تیز بولنگ کریں اور بیٹسمینوں پر حاوی ہونے کی کوشش کریں۔

جیو نیوز کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ کافی اہم ہے، یہ میچ جیت کر وننگ مومینٹم کے ساتھ ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کرنی ہے۔

لاہور قلندرز کے پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام سے منظر عام پر آنے والے نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ خوشی ہے دوبارہ پی ایس ایل شروع ہورہا ہے، امید ہے لوگوں کا جوش و خروش ویسا ہی ہوگا جیسا ٹورنامنٹ رکنے کے وقت تھا اور لوگ بھرپور انداز میں میچز انجوائے کریں گے۔

اسلام اباد کیخلاف بدھ کو ہونے والے میچ کے بارے میں حارث رؤف نے کہا کہ پہلا میچ ہمیشہ اہم ہوتا ہے، لاہور قلندرز میں نئے پلیئرز آئے ہیں اور تمام ایک دوسرے کے ساتھ جیل ہوچکے ہیں امید ہے مومینٹم بھی بن جائے گا اور کوئی مشکل نہیں ہوگی۔

ایک سوال پر پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر نے کہا کہ ان کا ہدف سیدھا سا ہے اور وہ یہ کہ اپنی صلاحتیوں کو بہترین انداز میں استعمال کریں ٹیم کیلئے کھیلیں ، تیز بولنگ کریں ،بیٹسمین کے اعصاب سے کھیلتے ہوئے ان پر حاوی ہونے کی کوشش کریں۔

پانچ ایک روزہ اور 19 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 27 سالہ فاسٹ بولر نے کہا کہ جب سے کرکٹ اسٹارٹ کی ہے، شاہین آفریدی کے ساتھ ہی بولنگ کی شراکت رکھی ہے جس کو وہ بہت انجوائے کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ دونوں کی مل کر یہی کوشش ہوتی ہے کہ جو ٹیم کیلئے بہتر ہو وہ کریں، وکٹیں چاہے جو بھی زیادہ لے، کامیابی ٹیم کی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائیو میں بھی لاہور قلندرز نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی تھی مگر بدقسمتی سے فائنل نہیں جیت سکے تھے لیکن اس بار کوشش کریں گے کہ ٹرافی ضرور اٹھائیں ۔

انہوں بے کہا کہ " قلندرز کے فینز نے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے، پاکستانی عوام کیلئے یہ فیورٹ ٹیم رہی ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ اس بار ہم فینز کو مایوس نہیں کریں۔"

جارح مزاج بولر کا کہنا تھا کہ گرمی میں تھوڑا مشکل تو ہوتا ہے لیکن بطور پروفیشنل یہ سب کچھ برداشت کرنا پڑتا ہے چاہے جیسی بھی کنڈیشنز ہوں۔

Advertisement

@geonews_sport