Advertisement

پاکستان
time icon 12 جون ، 2021

پی ایس ایل 6، پشاور زلمی نےکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 61 رنز سے شکست دیدی

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے 19 ویں میچ میں  پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 61 رنز سے شکست دے دی۔

ابوظبی میں کھیلےگئے میچ میں کوئٹہ کےکپتان سرفراز نے ٹاس جیت کر  پشاورکو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر پشاور نے197 رنز بنائے اور اس کے جواب میں کوئٹہ کی ٹیم 9 وکٹ پر 136 رنز بناسکی۔

پشاور کی اننگز

ڈیوڈ ملر 73 اور کامران اکمل 59 رنز بناکر نمایاں رہے— فوٹو: پی ایس ایل 

پشاور کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 10 کے مجموعی اسکور پر حیدر علی بغیر کوئی رن بنائے جبکہ شعیب ملک 2 رنز بنا کرپویلین لوٹے۔

کامران اکمل اور ڈیوڈ ملر نے ٹیم کو سنبھالا دیا اورتیسری وکٹ  پر 125 رنز کی شراکت قائم کی۔ دونوں کے شاندار کھیل کی بدولت زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔ 

 ڈیوڈ ملر 73 اور کامران اکمل 59 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ رومین پویل 43 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ 

کوئٹہ کی جانب سے محمد نواز نے 2، حسنین اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ کی اننگز

فوٹو: پی ایس ایل

198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں  کوئٹہ نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا تاہم 62 اور 69 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کےبعد کوئٹہ کی ٹیم سنبھل نہ سکی۔

صائم ایوب 35 اور عثمان خان 28 رنز بناکر نمایاں رہے اور کپتان سرفراز احمد 36 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جیک ویدرالڈ نے13اور خرم شہزاد نے11 رنز بنائے، جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے5 کھلاڑی کوئی رنز نہیں بناسکے۔

اعظم خان،کیمرون ڈیلپورٹ،محمدحسنین،محمدنواز اور زاہدمحمود صفر پرآؤٹ ہوئے۔

 پشاور زلمی کے محمد عرفان نے3 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا اور  وہاب ریاض اور عمید آصف نے 2،2 جب کہ  فبیین ایلن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 ڈیوڈ ملرکو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

Advertisement

@geonews_sport