Advertisement

کھیل
time icon 28 جنوری ، 2022

پی ایس ایل7: زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 7 ویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 191رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں پورا کرلیا، حسین طلعت 52 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اوپنرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 190 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز

وِل اسمیڈنے 62 گیندوں پر 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی فوٹو:پی ایس ایل
وِل اسمیڈنے 62 گیندوں پر 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی فوٹو:پی ایس ایل

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور اوپنرز احسن علی اور وِل اسمیڈ کے درمیان 155 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی۔

تاہم کوئٹہ کو پہلا نقصان احسن علی کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ 46 گیندوں پر 73 رنز بناکر آؤٹ ہوئے لیکن دوسری طرف سے وِ ل نے شاندار بیٹنگ کو جاری رکھا  لیکن وہ میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے اور اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے۔

انہوں نے 62 گیندوں پر 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،اس کے علاوہ بین ڈکٹ صفر اور افتخار احمد 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

زلمی کی جانب سے ثمین گل اور عثمان قادر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور زلمی کی اننگز

شعیب ملک نے آخری اوور تک کھڑے رہ کر اپنی ٹیم کو میچ جتوادیا۔—فوٹو: پی ایس ایل
 شعیب ملک نے آخری اوور تک کھڑے رہ کر اپنی ٹیم کو میچ جتوادیا۔—فوٹو: پی ایس ایل

190 رنز کے جواب میں پشاور زلمی نے بھی اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور پاور پلے میں2 وکٹ کے نقصان پر 62 رنز بنائے۔

ٹام کوہلر 22 اور یاسر خان 30 رنز بناکر پویلین لوٹے جس کے بعد نئے آنے والے  بیٹر حیدر علی بھی 19 رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوگئے۔

3 وکٹیں گرنے کےبعد حسین طلعت اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم حسین طلعت 52 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے البتہ شعیب ملک نے آخری اوور تک کھڑے رہ کر اپنی ٹیم کو میچ جتوادیا۔

انہوں نے 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

Advertisement

@geonews_sport