Advertisement

کھیل
time icon 29 جنوری ، 2022

ویڈیو: نیشنل اسٹیڈیم کے باہر بچے کیوں احتجاج کر رہے ہیں؟

ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے میچ کے دوران کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کے باہر کرکٹ کے ننھے شائقین سراپا احتجاج نظر  آئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے۔

ویڈیو میں بچوں کا مؤقف تھا کہ وہ میچ دیکھنے آئے ہیں لیکن اب انہیں اندر نہیں جانے دیا جا رہا، اس کی شکایت کریں، ایک بچے کا کہنا تھا پہلے نہیں بتایا گیا کہ ویکسی نیشن کروا کر آنی ہے۔

ایک اور بچے نے کہا کہ پہلے ٹکٹ دے دیے گئے اور اب کہہ رہے ہیں کہ ویکسین لگوا کر آئیں۔ ویڈیو کے آخر میں ایک اور بچہ کہتا ہے کہ یہ ویڈیو ہر جگہ مشہور کریں تاکہ ہمیں اسٹیڈیم میں جانے دیا جائے۔

سوشل میڈیا پر بچوں کے احتجاج کی یہ دلچسپ ویڈیو وائرل ہے جس پر صارفین تبصرے بھی کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل میچز میں 12 سال سے کم عمر شائقین کے داخلوں کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بچوں کے لیے خریدے جانے والے ٹکٹس ری فنڈ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی فروخت نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے فیصلے سے قبل شروع ہو چکی تھی، جب ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوئی اس وقت 100 فیصد تماشائیوں کو داخلے کی اجازت تھی۔

ٹکٹس ری فنڈ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ری فنڈ کی سہولت سے 30 جنوری رات 12بجے تک فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

Advertisement

@geonews_sport