Advertisement

کھیل
time icon 20 فروری ، 2022

ملتان سلطانز کی مسلسل فتح کی کیا وجہ ہے؟ خوشدل شاہ نے راز بتا دیا

ٹم ڈیوڈ بہت اچھا کھیل رہے ہیں، میرے نزدیک چار نمبر پر ان سے اچھا بیٹر کوئی اور نہیں ہے: خوشدل__فوٹو: ملتان سلطانز/ٹوئٹر
ٹم ڈیوڈ بہت اچھا کھیل رہے ہیں، میرے نزدیک چار نمبر پر ان سے اچھا بیٹر کوئی اور نہیں ہے: خوشدل__فوٹو: ملتان سلطانز/ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ 7 میں اب تک نمبر  ون رہنے والی ٹیم ملتان سلطانز کے آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے اپنی ٹیم کی مسلسل جیت کا راز  بتایا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خوشدل شاہ کا کہنا تھا کہ کپتان محمد رضوان گراؤنڈ میں سب کو خوش رکھتے ہیں اور نرم لہجے میں سب کو سمجھاتے ہیں۔

انہوں نے  بولنگ میں اعتماد دینے کا کریڈٹ محمد رضوان کو دیا اور کہا کہ پی ایس ایل میں میری بولنگ اچھی جا رہی ہے، محمد رضوان نے بنگلا دیش میں بھی بولنگ کاکہا تھا، پی ایس ایل سے پہلے انہوں نے بنگلا دیش میں کہا تھا کہ اوورز کے لیے تیار رہنا ہے۔

بیٹنگ آل راؤنڈر  کے مطابق محمد رضوان نے کہا تھا کہ بولنگ کرتے رہا کرو، اس سے تمھیں فائدہ ہو گا۔

خوشدل کا کہنا تھا کہ میں کیرئیر کے شروع سے ہی بیٹنگ کے ساتھ بولنگ کر رہا ہوں، میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ میری بولنگ میں زیادہ سے زیادہ بہتری آئے،  بولنگ جتنی بہتر ہوگی میرے کیرئیر میں مزید بہتری آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نیٹ پر زیادہ سے بولنگ کرنے کی کوشش کرتا ہوں، جب میں بیٹنگ سے فری ہو جاتا ہوں تو دوسرے بیٹرز کو الگ نیٹ پر بولنگ کرتا ہوں۔

مسلسل جیت کی کیا وجہ ہے؟

خوشدل شاہ نے بتایا کہ ملتان سلطانز کی گزشتہ برس سے اچھی کارکردگی کی وجہ ٹیم یونٹ بن کر کھیلنا ہے، ٹیم کے مالک اور منیجمنٹ نے ہمیشہ کھلاڑیوں کو اعتماد دیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ مینجمنٹ کھلاڑیوں کو پرسکون رکھتی ہے، ٹیم میں ہر کوئی مثبت رہتا ہے اور  ایک دوسرے کو سپورٹ کرتا ہے۔

خوشدل شاہ نے کہا کہ لاہور اور کراچی میں میچز کا فرق نظر نہیں آیا، بس کمبی نیشن ہونا چاہیے اور ہر کوئی اچھا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، کراچی میں بھی ٹیموں نے اچھے رنز کیے ہیں، بس موسم کا تھوڑا فرق ہے، اوس بھی زیادہ نہیں پڑتی۔

خوشدل شاہ بیٹر ٹم ڈیوڈ کے معترف ہیں اور کہتے ہیں کہ ٹم ڈیوڈ بہت اچھا کھیل رہے ہیں، میرے نزدیک چار نمبر پر ان سے اچھا بیٹر کوئی اور نہیں ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے کوالیفائر راؤنڈ میں ملتان سلطانز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی پہنچ چکی ہیں جب کہ چوتھی ٹیم کا فیصلہ آج ہوگا۔

Advertisement

@geonews_sport