Advertisement

کھیل
time icon 27 فروری ، 2022

رضوان فیصلہ سازی میں ہچکچاتا نہیں، اس میں بڑا کپتان بننے کی صلاحیت ہے: مشتاق احمد

رضوان سب کی بات سنتا اور مشورہ کرکے فیصلہ کرتا ہے، پوری ٹیم رضوان کی عزت کرتی ہے، اسسٹنٹ کوچ ملتان سلطانز— فوٹو: اسکرین گریب
رضوان سب کی بات سنتا اور مشورہ کرکے فیصلہ کرتا ہے، پوری ٹیم رضوان کی عزت کرتی ہے، اسسٹنٹ کوچ ملتان سلطانز— فوٹو: اسکرین گریب 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ محمد رضوان ایماندار ہے اور فیصلہ سازی میں ہچکچاتا نہیں جبکہ اس میں  ایک بڑا کپتان بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں مشتاق احمد کا کہنا تھاکہ ملتان سلطانز کی کارکردگی کا کریڈیٹ لیڈرشپ کو جاتا ہے، رضوان اور اینڈی فلاور کی قیادت میں سب نے مل کر کھیلا ہے، محمد رضوان ایماندار ہے اور فیصلہ سازی میں ہچکچاتا نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پوری ٹیم رضوان کی عزت کرتی ہے، وہ پلیئرز کو گرنے نہیں دیتا ہے، کوئی پلیئر آف ٹریک ہوتا ہے تو اس کو اچھے انداز سے سنبھالتا ہے، رضوان سب کی بات سنتا اور مشورہ کرکے فیصلہ کرتا ہے۔

مشتاق احمد کا کہنا تھاکہ رضوان میں ایک بڑا کپتان بننے کی صلاحیتیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاہنواز دہانی پوری ٹیم کو اٹھاکر رکھتا ہے، وہ میچ کی جان ہے، اس نے اپنی کارکردگی اور جشن سے لوگوں کے دل جیتے ہیں، اس کو بس یہ سمجھنا ہے کہ کب کیسے جشن منانا ہے، پوری ٹیم شاہنواز دہانی کی موجودگی کو انجوائے کرتی ہے۔

ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ کوچ کا کہنا تھاکہ پی ایس ایل نے کئی نوجوان کھلاڑی دیے ہیں، اس بار بھی چار پانچ پلیئرز ہیں۔

ان کا کہنا تھاجہ پاکستان کرکٹ کی جان یہاں کے شائقین ہیں، سارے ہیروز شائقین کی وجہ سے ہیں، کراچی میں محدود تماشائیوں کے باوجود بھی بہت سپورٹ ملی تھی۔

سپر لیگ کے فائنل کے حوالے سے مشتاق احمد کا کہنا تھاکہ ہم اپنے پراسس پر زیادہ توجہ دیتے ہیں، محنت کریں گے، اچھی کرکٹ کھیلیں گے، رزلٹ اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔

Advertisement

@geonews_sport