Advertisement

کھیل
time icon 01 مارچ ، 2022

پی ایس ایل میں 71 فیصد منافع، فرنچائزز پر نوٹوں کی بارش

چیئرمین پی سی بی نے بورڈ کی جانب سے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا/ فائل فوٹو
چیئرمین پی سی بی نے بورڈ کی جانب سے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا/ فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ پاکستان کرکٹ کیلئے خوشگوار ہوا کا جھونکا ثابت ہورہی ہے۔

پی سی بی کے سرتاج ایونٹ سے نہ صرف باصلاحیت اور پرجوش نوجوان کرکٹرز ملک کو مل رہے ہیں بلکہ بورڈ کے خزانے پر بھی شاندار اثر پڑرہا ہے، ساتھ ہی کرکٹ کے ترسے شائقین کو کوالٹی مقابلے بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجاکا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے منافع کی مد میں 71 فیصد اضافہ ہوا ہے جو لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا منافع ہے اور اس وجہ سے ہر فرنچائز نے تقریباً 90 کروڑ روپے کمائے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ سال لیگ کو تمام فرنچائزز کے ہوم وینیوز پر لے جانے کی خواہش رکھتے ہیں تاکہ لیگ میں تماشائیوں کی تعداد بڑھائی جاسکے۔

رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ بلاشبہ پی ایس ایل 7 غیر معمولی حد تک کامیاب رہی اور اس کی بڑی وجہ کراچی اور لاہور دونوں شہروں میں شائقینِ کرکٹ کا بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنا ہے، اپنے پیشہ ورانہ کیرئیر کے دوران انہوں نے خاص طور پر لاہور میں کبھی اتنا زبردست، پرجوش اور جاندار کراؤڈ نہیں دیکھا۔

چیئرمین پی سی بی نے بورڈ کی جانب سے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ انتھک محنت کرنے پر اپنے تمام اسپانسرز، کھلاڑیوں، فرنچائزز، طبی عملے، قانون نافذ کرنے والی ایجنسیز، مقامی اور صوبائی انتظامیہ، کمنٹیٹرز اور براڈ کاسٹنگ کے عملے اور گراؤنڈ اسٹاف کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ 

Advertisement

@geonews_sport

Advertisement