کھیل
21 اکتوبر ، 2021

بھارت سے ٹاکرا: 6 بیٹسمین، 2 اسپنرز اور تین پیسرز کیساتھ میدان میں اترنے کا پلان

ٹیم انتظامیہ کا سینئر اور تجربہ کھلاڑیوں کے کمبی نیشن کے ساتھ ہی میدان میں اترنے کا پلان ہے/ فائل فوٹو
ٹیم انتظامیہ کا سینئر اور تجربہ کھلاڑیوں کے کمبی نیشن کے ساتھ ہی میدان میں اترنے کا پلان ہے/ فائل فوٹو

امکان ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف اہم ترین میچ میں پاکستان ٹیم 6 بیٹسمینوں، 2 اسپنرز اور تین فاسٹ بولروں کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

محمد حفیظ اور شعیب ملک بھی ضرورت پڑنے پر بولنگ کرسکتے ہیں اور بھارت سے اہم میچ میں ان فارم حیدر علی کو کھلانے کے امکانات کم ہیں۔ 

ٹیم انتظامیہ کا سینئر اور تجربہ کھلاڑیوں کے کمبی نیشن کے ساتھ ہی میدان میں اترنے کا پلان ہے۔

دونوں وارم اپ میچز میں بھارت کے خلاف میچ کے مجوزہ کمبی نیشن کو ہی کھلایا گیا لہٰذا فٹنس مسائل نہ ہوئے تو وارم اپ میچز والا کمبی نیشن ہی بھارت کے خلاف کھیل سکتا ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کریں گے اور  فخر زمان کو ون ڈاؤن پر موقع دیا جائے گا جب کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک جیسے تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹنگ کوسہارا دیں گے، آصف علی پاور ہٹر کے طور پر کھیلیں گے، انہیں ماردھاڑ کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

اسپنرز عماد وسیم اور شاداب خان بیٹنگ میں بھی جارحانہ کردار ادا کرسکتے ہیں، فاسٹ بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف نمایاں ہیں جب کہ محمد وسیم جونیئر کو بھارت کے خلاف نہ کھلانے پر اتفاق ہوا ہے۔

دبئی میں ہونے والے میچ میں ٹاس کا کردار اہم ہوگاکیوں کہ رات کے وقت اوس گرے گی اس لیے ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بولنگ کو ترجیح دے سکتی ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ اہم میچ 24 اکتوبر بروز اتوار کو کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :