کھیل
22 اکتوبر ، 2021

ٹی ٹوئنٹی میچز اور پاک بھارت ٹاکرے، ریکارڈ پر ایک نظر

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

 شائقین کرکٹ کی نظریں اس میچ پر ہیں اور پاکستانی فینز پُرامید ہیں کہ اس بار نتیجہ ماضی کے اعداد و شمار اور تاریخ کے برعکس ہی ہوگا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان اگر ٹی ٹوئنٹی میچز کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو دونوں ٹیمیں اب تک 8 مرتبہ آمنے سامنے آئیں جس میں پاکستان صرف ایک بار فاتح رہا۔

پاکستان کو بھارت کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچز میں واحد فتح بنگلور کے مقام پر دسمبر 2012 میں ملی تھی جب اس نے بھارت کو 5 وکٹوں سے زیر کیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2007 

ورلڈ کپ مقابلوں میں روایتی حریف 5 مرتبہ آمنے سامنے آئے —فوٹو: فائل
ورلڈ کپ مقابلوں میں روایتی حریف 5 مرتبہ آمنے سامنے آئے —فوٹو: فائل

ورلڈ کپ مقابلوں میں روایتی حریف 5 مرتبہ آمنے سامنے آئے، دونوں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی معرکہ 2007 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تھا۔

 دونوں ٹیموں نے مقررہ 20 اوورز میں 141 ،141 رنز بنائے جس کے بعد ٹائی بریکر کیلئے بول آؤٹ کا سہارا لیا گیا۔

بھارت کی جانب سے وریندر سہواگ، ہربھجن سنگھ اور رابن اتھاپا نے وکٹوں کو ہٹ کیا جبکہ پاکستان کے یاسر عرفات، عمر گل اور شاہد آفریدی تینوں ہی کا نشانہ چوک گیا۔

2007 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان ہدف کے قریب آکر بھی فتح سے دور رہ گیا —فوٹو: فائل
2007 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان ہدف کے قریب آکر بھی فتح سے دور رہ گیا —فوٹو: فائل

10 روز بعد دونوں ایک بار پھر 2007 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں مدمقابل آئے، پاکستان ہدف کے قریب آکر بھی فتح سے دور رہ گیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2012 

2012 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت نے 8 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔— فوٹو: فائل
2012 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت نے 8 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔— فوٹو: فائل

دونوں ٹیمیں 2012 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ایک بار پھر مدمقابل آئیں اور اس میچ میں بھارت نے 8 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔

2012 میں پاکستان ٹیم کا دورہ بھارت 

2012 میں ہی پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا  —فوٹو: فائل
2012 میں ہی پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا  —فوٹو: فائل

2012 میں ہی پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا ،2 میچز کی سیریز کا پہلا میچ بنگلور میں ہوا جس میں پاکستان ٹیم 5 وکٹ سے کامیاب ہوئی لیکن احمد آباد میں ہونے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت نے پاکستان کو 11 رنز سے ہرایا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2014 

بنگلا دیش میں 2014 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی پاکستان اور بھارت کا سامنا ہوا —فوٹو: فائل
بنگلا دیش میں 2014 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی پاکستان اور بھارت کا سامنا ہوا —فوٹو: فائل

بنگلا دیش میں 2014 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی پاکستان اور بھارت کا سامنا ہوا جس میں پاکستان نے بھارت کو جیت کیلئے 131 رنز کا ہدف دیا جو اس نے با آسانی3 وکٹوں کے نقصان پر 9 گیندوں قبل حاصل کرلیا۔

2016 ایشیا کپ

2016 میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایشیا کپ کے میچ میں ڈھاکا میں مدمقابل آئیں —فوٹو: فائل
2016 میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایشیا کپ کے میچ میں ڈھاکا میں مدمقابل آئیں —فوٹو: فائل

2016 میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایشیا کپ کے میچ میں ڈھاکا میں مدمقابل آئیں۔

پاکستان ٹیم 83 پر آؤٹ ہوگئی ،محمد عامر نے بھارت کو پریشان کیا مگر کم رنز کا ہدف بھارتی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2016 

2016کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی بھارت کا پاکستان پر پلہ بھاری رہا —فوٹو: فائل
2016کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی بھارت کا پاکستان پر پلہ بھاری رہا —فوٹو: فائل

2016کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی بھارت کا پاکستان پر پلہ بھاری رہا اور کولکتہ کے ایڈین گارڈنز پر ہوم ٹیم 6 وکٹ سے فتحیاب رہی۔

پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی میچز میں بیٹسمینوں کی کارکردگی دیکھی جائے تو ویرات کوہلی 6 میچز میں 254 رنز بناکر کامیاب بیٹسمین ہیں جبکہ شعیب ملک 164 رنز بناکر دوسرے اور محمد حفیظ 156 رنز بناکر تیسرے نمبر پر ہیں۔

بولرز میں عمر گل 11 وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین بولر ہیں، اس کے علاوہ عرفان پٹھان نے پاک بھارت میچز میں 6 جبکہ محمد آصف نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز میں اعداد و شمار تو پاکستان کے حق میں نہیں لیکن اس ہائی وولٹیج میچ میں اعداد و شمار سے زیادہ عزم اور حوصلہ معنی رکھتا ہے اور فینز پُر امید ہیں کہ اس بار پاکستان ٹیم بہترین کھیل پیش کرکے تمام اعداد و شمار کو رد کرے گی اور کامیابی اپنے نام کرلے گی۔

مزید خبریں :